گندم خریداری مہم کے دوران رشوت ستانی کی شکایت پر جڑانوالہ گندم خریداری مرکزکے سینٹر کوارڈینیٹر ڈاکٹر سہیل ندیم رنگے ہاتھوں گرفتار۔

اتوار 30 اپریل 2017 01:50

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2017ء) گندم خریداری مہم کے دوران رشوت ستانی کی شکایت ملنے پر جڑانوالہ گندم خریداری مرکزکے سینٹر کوارڈینیٹر ڈاکٹر سہیل ندیم کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کے نوٹس میں آیا تھا کہ جڑانوالہ گندم خریداری مرکز پر سنٹر کوارڈینیٹر کاشتکاروں سے رشوت وصول کررہا ہے جس پر انہوں نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈاکٹر ارشاد احمد کو تحقیقات کے لئے کہا تو انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوسٹی گیشن چنیوٹ محمد یونس اور ریجنل انسپکٹر میاں ضیغم پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے سینٹر کوارڈینیٹر کو گندم کے کاشتکاروں سے باردانہ کے حصول کے لئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ نمبر 9/2017 درج کرا دیا ۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم خریداری مہم کو شفاف رکھنے کے لئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ داریاں سونپی ہیں ۔ انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ محکمہ خوراک کے اہلکاروں کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایت درج کرائیں تاکہ مہم کو بددیانتی اور بدنظمی سے پاک رکھا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :