دریائے راوی کی حدود میں قائم ناجائز تجاوزات کو فوری ختم کروایا جائے ، ڈپٹی کمشنر

اتوار 30 اپریل 2017 01:50

ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2017ء)دریائے راوی کی حدود میں قائم ناجائز تجاوزات کو فوری ختم کروایا جائے ،اور حفاظتی بند کی جاری تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ،تاکہ ممکنہ سیلابی خطرات سے نبردآزما ہونے میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر معظم اقبال سپرا نے ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر فلڈ ریلیف کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ایڈیشل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد خاور شہزاد ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد رحمن ،چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزمحمد شفیق ،تنویر مرتضی ،خالد محمود ،حافظ محمد نجیب ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عطاالرحمن ،سول ڈیفنس آفیسر محمد ریحان ، سیکورٹی انچارج محمدشہباز احمد ورک ،انچار ج ریسکیو 1122میاں فراز منیر ،محمد اشرف بھٹی ایکسین سدھنائی سمیت چاروں تحصیلوں کے چیف آفیسرز ،فیسکو افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں متعلقہ افسران نے تحصیل کمالیہ و پیر محل میں دریائے راوی کے بند کی جاری تعمیر کے متعلق ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 300ملین روپے کی لاگت سے بند کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ،اور تعمیر مدت تکمیل 15جون سے قبل 31مئی تک مکمل کرلی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر نے بند کی تعمیر میں معیار کو مد نظر رکھنے کی خصوصی ہدایت کرتے ہوئے دریائی علاقہ میں ناجائز تجاوزات قائم ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دریائی علاقہ میں کسی کو بھی ناجائز تجاوزات قائم کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ،اور ناجائز تجاوزات کے فوری خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پوری تندہی سے کام کیا جائے ،اور اس سلسلہ میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔