ْ بلاول کا انداز بھٹو والا ہے، انہیں سیاست میں آنے کے لئے وقت دینا چاہیئے، قائم علی شاہ

یہ تاثر غلط ہے کہ میرے دور میں سندھ میں کام نہیں ہوا اور میں بے اختیار وزیراعلیٰ تھا،کراچی سے کشمور تک میں انچارج تھا،نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 29 اپریل 2017 23:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا انداز بھٹو والا ہے، انہیں سیاست میں آنے کے لئے وقت دینا چاہیئے، یہ تاثر غلط ہے کہ میرے دور میں سندھ میں کام نہیں ہوا اور میں بے اختیار وزیراعلیٰ تھا۔ کراچی سے کشمور تک میں انچارج تھا۔ ہفتے کے روز نجی ٹی وی سے انٹرویو میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ میرے بے اختیار وزیراعلی سندھ ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں، کراچی سے کشمور تک میں انچارج تھا، لیاری آپریشن کا انچارج بھی میں تھا۔

اویس مظفر پٹی لیاری آپریشن کا انچارج نہیں تھا۔ کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکتسان کارروائیاں کرتی تھی۔ رینجرز سے زبانی طے تھا کہ رینجرز کسی بھی کارروائی سے قبل سندھ حکومت کو اطلاع کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو ابھی صحیح معنوں میں سیاسی لیڈر بننے کے لئے وقت لگے گا۔ بلاول کا انداز ذوالفقار بھٹو جیسا ہے۔ انہیں بھی وقت دینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری آپریشن میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کیں امن و امان کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ اچھا رہا۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی حکومت نے تعاون نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علیز رداری نے وعدہ کیا تھا کہ مدت پوری ہونے تک مجھ سے وزارت واپس نہیں لی جائے گی لیکن لے لی گئی۔ اب کہا جا رہا ہے کہ میرے دور میں سندھ میں کام نہیں ہوئے۔

قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو پانی کے معاملے میں اس کا حق نہیں ملا۔ 2018ء کے الیکشن میں حصہ لوں گا پارٹی جو ذمہ داری دے گی نبھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو جے آئی ٹی کی تحقیقات تک استعفیٰ دے دینا چاہیئے۔ جے آئی ٹی مجرموں سے تحقیقات کرتی ہے۔ وزیر اعظم بھی مجرموں کی فہرست میں آ گئے ہیں۔ جمہوری تقاضا یہ تھا کہ پانامہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل ہوتا۔ پی پی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام درست نہیں۔ پی پی نے ہمیشہ حقیقی اپوزیشن کی ہے۔۔( علی)

متعلقہ عنوان :