چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے این ایف سی ایوارڈ کا اجراء انتہائی ضروری ہے ، سکندر حیات خان شیرپائو

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:33

چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے این ایف سی ایوارڈ کا اجراء انتہائی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین و سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے این ایف سی ایوارڈ کا اجراء انتہائی ضروری ہے لہٰذا اس سلسلے میں مزید تاخیر قابل قبول نہیں۔وہ گائوں شیخان پشاور میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔سکندر شیرپائو نے این ایف سی ایوارڈ کے فوری انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کو جتنی مزید طول دی جائے گی اس سے چھوٹے صوبوں اورچھوٹی قومیتوں کے مشکلات اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی اور اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پختونوں کے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبہ کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے خیبر پختونخوا میں جاری بجلی کے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے بے نقاب ہو چکے ہیں اور اس سلسلے میں ساری توجہ صرف ایک صوبہ پر مرکوز کی جارہی ہے جس سے نہ صرف وفاق پر منفی اثرات پڑیں گے بلکہ چھوٹے صوبوں میں پائی جانے والی مایوسی میں بھی اضافہ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ وسائل کی تقسیم کا مسئلہ ہو یا بجلی کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وفاقی حکومت ملک کے تمام اکائیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کرتے ہوئے تمام صوبوں کو یکساں مراعات و سہولیات فراہم کرے تاکہ وفاق کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد صرف اقتدار کا حصول نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں صوبے کے عوام کی خدمت اور ان کے تکالیف کا خاتمہ ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے قومی وطن پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئی ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین حاجی محمد شفیع دائودزئی اور پارٹی کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :