منتخب وزیر اعظم کے سماجی بائیکاٹ کی بات کوئی احمق ہی کر سکتا ہے،رانا ثناء اللہ

عمران خان کی سیاست انتشار پر مبنی، سیاسی حلقوں کے لیے اسکے پاس امیدوار نہیں ہیں پانامہ کا فیصلہ تسلیم ہے، اعتراض کی صورت میں نظر ثانی اپیل دائر کر سکتے ہیں: صوبائی وزیر قانون کی میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:33

منتخب وزیر اعظم کے سماجی بائیکاٹ کی بات کوئی احمق ہی کر سکتا ہے،رانا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاںنے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے منتخب قائد ایوان کے سماجی بائیکاٹ کی بات کوئی احمق اور پاگل شخص ہی کرسکتا ہے ۔ ایسی گفتگو کرنیوالے کو چاہیے کہ وہ کسی ذہنی امراض کے معالج سے رابطہ کرے ۔ عمران خان کی سیاست فساد اور انتشار پر مبنی ہے ۔ عمران خان کے پاس حلقوںکے لیے امیدوار نہیں ہیں۔

اسے جنرل الیکشن میں عبرت ناک شکست ہو گی۔ پھر یہ دھاندلی کا شور مچائے گا جسے کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ عمران خان کی نجی زندگی بھی ذہنی شکوک و شہبات سے بھری پڑی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس شخص نے اسلام آباد کو لاک ڈائون کرنے کی کوشش کی جسکا مقصد صرف یہ تھا کہ ملکی ترقی کا پہیہ رکے اور قوم آگے نہ بڑھ سکے ۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہا کہ عمران خان نے تقریباً چار سال کا عرصہ فضول باتوں میں ضائع کیا ہے اب آخری سال ہے جسے اس نے مزید اپنی احمقانہ سوچ کی نظر کردینا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسکی سیاست ریحام خان کے ایک انٹر ویو کی مار ہے۔ جس دن ریحام نے انٹر ویو دے دیا اس سے اگلے دن اسکی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ میرا عمران خان کو مشورہ یہی ہے کہ وہ اب چوتھی شادی کرے لیکن سوال یہ ہے کہ اس کے ساتھ کریگا کون انھوں نے کہا کہ ملکی بہتری کے لیے شاید یہ کام حکومت کو ہی کرنا پڑے ۔

وزیر قانون نے کہا کہ پانامہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کو ہم من و عن تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس فیصلہ پر اگر کوئی اعتراض ہو ا تو ہم نظر ثانی کی اپیل دائر کرینگے جو کہ ہمارا آئینی حق ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے 10 ارب روپے کی آفر کے حوالے سے بیان سفید جھوٹ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسکے خلا ف عدالت میں جائیں گے ۔ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ عمران خان نے پوری قوم کو اپنی بہتان تراشی ، جھوٹ اور اپنی آوارہ گفتگو کا شکار کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب عمران خان کی سیا ست کا آخری وقت آن پہنچا ہے ۔وزیر قانون نے کہا کہ عوام الزام لگانے والوں کے بجائے کام کرنیوالوں کو پسند کرتے ہیں اور آئندہ انکے حق میں ہی فیصلہ دیں گے۔