پاکستان میں سیاسی طور پر متحرک خواتین پر زبانی حملوں کو وزیر اعظم کی خاموش حمایت حاصل ہوتی ہے،فواد چوہدری

پاکستان کی ساکھ اورسالمیت بچانے کے لیئے نواز شریف کا حساب کتاب ناگزیر ہے،بیان

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:30

پاکستان میں سیاسی طور پر متحرک خواتین پر زبانی حملوں کو وزیر اعظم کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر پر پاکستان تحریک انصاف نے زبردست رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جلسے میں شریک خواتین کے بارے میں وزیر اعظم کے تبصرے کو اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت قرار دیا، پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے تبصرے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں سیاسی طور پر متحرک خواتین پر ہونے والے زبانی حملوں کو وزیر اعظم کی خاموش حمایت حاصل ہوتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میںوزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شریک خواتین کے بارے کیے گئے تبصرے کو اخلاقیات سے گرا ہوا قرار دیکر اس تبصرہ کی شدید مذمت کی۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے اپنی تقریر کے ذریعے شاید اپنی صاحبزادی کو سیاست سے الگ ہونے کا مشورہ دیا ہے، نواز شریف قوم کی بیٹیوں کو وہ ہی احترام دیں جو وہ مریم نواز کو دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم کی سوچ بیمار اور کم ظرف ذہنیت کی علامت ہے،ہم پہلے بھی کہتے رہے ہیں کہ پاکستانی سیاست میں لچر پن اور غیر اخلاقی گفتگو کی سرپرستی ہمیشہ سے وزیر اعظم ہاؤس سے کی جاتی ہے ، وزیر اعظم کا تمام اخلاقی تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے منصب سے چمٹے رہنے پر اصرار شرمناک ہے، یقینا اخلاقی بنیادوں پر مستعفیٰ ہونے کے لیئے اخلاقیات پر یقین بنیادی شرط ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نواز شریف اس وقت تک منصب سے الگ نہیں ہونگے جب تک مجرم کی طرح ہتھکڑی لگا کر نہیں نکالا جائے گا، سپریم کورٹ کے بعد افواج پاکستان نے قوم کو بتا دیا کہ نواز شریف بد دیانت اور دروغ گو ہیں۔ انکا کہنا تھا عدلیہ، فوج سمیت قوم کا ہر طبقہ اور ادارہ نواز شریف کے شر کی زد میں ہے جبکہ نواز شریف کی کابینہ بھی تتر بتر ہونا شروع ہوگئی ہے، پاکستان کی ساکھ اورسالمیت بچانے کے لیئے نواز شریف کا حساب کتاب ناگزیر ہے۔ (مہر علی خان)