پی ٹی آئی پاک فوج کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، نعیم الحق

افواج پاکستان کے بارے میں نواز شریف کا مؤقف مودی کی رائے کے قریب تر ہے، ڈان لیکس پر پاک فوج کا موقف درست ہے ، حکومت سچ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے ،ترجمان تحریک انصاف طارق فاطمی کو ہٹانا کافی نہیں ہو گا ، پی ٹی آئی اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائے گی۔ وزیر اعظم متنازع بن چکے ہیں جن پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا ، ’’حکومت نے اس سے قبل پاناما لیکس اور ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ بھی دبا نے کی کوشش کی، ردعمل

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:57

پی ٹی آئی پاک فوج کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، نعیم الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصا ف کے ترجمان نعیم الحق نے ڈان لیکس رپورٹ پر پاک فوج کے موقف کو درست قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاک فوج کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔افواج پاکستان کے بارے میں نواز شریف کا مؤقف مودی کی رائے کے قریب تر ہے۔حکومت سچ پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈان لیکس پر حکومتی رپورٹ مسترد کرنے کے حوالے سے پاک فوج کے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ طارق فاطمی کو ہٹانا کافی نہیں ہو گا ، پی ٹی آئی اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائے گی۔ وزیر اعظم متنازع بن چکے ہیں جن پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا ، ’’حکومت نے اس سے قبل پاناما لیکس اور ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ بھی دبا نے کی کوشش کی اور اب اس رپورٹ کو بھی دبا کر رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

قوم ڈان لیکس پر حقائق سے آگاہی کیلئے پوری رپورٹ کی منتظر ہے۔وفاقی حکومت حقائق پر پردہ پوشی سے گریز کرے،جاننا چاہیں گے کہ طارق فاطمی وغیرہ نے افواج پاکستان کو بدنام کرنے میں کیا کردار ادا کیا، قوم جاننا چاہتی ہے کہ کیا وزیر اعظم، انکی صاحبزادی اور فواد حسن فواد سے تحقیقات کی گئیں یا نہیں، کمیشن کی جانب سے جمع کئے گئے شواہد اور تحقیقات سے آگاہی کے بغیر قوم مطمئن نہیں ہوگی، نعیم الحق نے مزید کہاکہ اللہ الحق ہیں اور باطل کے مقدر میں رسوائی ہے۔

آج دوسرے بڑے ریاستی ادارے نے نواز شریف کی بددیانتی پر مہر تصدیق ثبت کی، آج ایک مرتبہ پھر ثابت ہوا کہ نواز شریف قوم سے جھوٹ بولنے کے "عادی مجرم" ہیں، سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بنچ متفقہ طور پر کہہ چکا کہ نواز شریف کو جھوٹا قرار دے چکا ہے ، ڈان لیکس پر کمیشن معاملہ سلجھانے کیلئے نہیں دبانے کیلئے بنایا گیا، نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر پانامہ لیکس اور ماڈل ٹاؤن کمیشن کی طرح قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان جیسے اہم ریاستی ادارے کیخلاف وزیر اعظم کا اس قسم کی سازش میں ملوث ہونا انتہائی شرمناک ہے، افواج پاکستان کے بارے میں نواز شریف کا مؤقف مودی کی رائے کے قریب تر ہے۔نواز شریف، یہ قوم اب آپ کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔