علاقائی تجارت کو فروغ دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،راشد وائیں

سی پیک پاکستانی صنعتکاروںاور سرمایہ کاروں کے لئے معاشی ترقی کے نئے در کھولے گا،قائمقام صدر آر سی سی آئی

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:47

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر راشد وائیں نے کہا ہے کہ علاقائی تجارت کو فروغ دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، سارک ممالک کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی ریاستوں اور افغانستان کے ساتھ باہمی تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ،ہمیں نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان اور چین سمیت خطے کے ممالک کیلئے نفع بخش سرمایہ کاری کا نادر موقع ہے اور یہ منصوبہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے نیٹ ورکنگ کا کردار ادا کرے گا، گیم چینجر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستانی صنعتکاروںاور سرمایہ کاروں کے لئے معاشی ترقی کے نئے در کھولے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیا کی آدھی آبادی اس خطے میں آباد ہے پاکستان روس چین وسطی ایشائی ملک اور سارک ممالک ایک نیا اقتصادی بلاک قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکارو تاجر علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے ابھرتے ہوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ سی پیک علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا اوراس منصوبے سے پاکستان وسطی ایشیائی ممالک سمیت ایران،افغانستان اور دیگر ممالک کی تجارتی سرگرمیوں کا محور بن جائے گا۔