وزیراعلی خیبرپختونخوا نے چین میں بیجنگ روڈ شو کے دوران غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کیساتھ کئے گئے تمام معاہدوں پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنانے کاحکم دیدیا

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:26

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے چین میں بیجنگ روڈ شو کے دوران غیر ملکی کمپنیوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں صنعتوں کے انتظامات اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے قائم ادارے ازمک اور دیگر مجاز اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ چین میں بیجنگ روڈ شو کے دوران غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ کئے گئے تمام معاہدوں پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے نیز اس مقصد کیلئے دستیاب تمام وسائل کو مربوط طریقے سے استعمال کیا جائے ۔

انہوںنے واضح کیا کہ صوبے میں پہلی بار کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے جس میں متعلقہ حکام کی طرف سے پورے احساس ذمہ داری اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ وہ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں بیجنگ روڈ شو سے متعلق پیشر فت کے حوالے سے ازمک کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ازمک کے چیئرمین غلام دستگیر اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ محکمہ ہائے منصوبہ بندی و ترقیات، صنعت و حرفت ، خزانہ و معدنیات کے انتظامی سیکرٹریوں اور سینئر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ چین میں منعقدہ خیبرپختونخوا کا بین الاقوامی تجارتی میلہ ہر لحاظ سے ایک بہترین اور کامیاب کوشش تھی جس میں تمام محکموں اور حکام کی طرف سے کی گئی شبانہ روز محنت کی جھلک واضح طور پر نظر آئی اور ان کے نتائج بھی جلد ظاہر ہونا شروع ہوں گے انہوںنے اُمید ظاہر کی کہ ان اقدامات کی بدولت جہاں صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کا احیاء ہوگا وہاں عوام کا معیار زندگی بھی بہترہو گا اور روزگار کے مواقع میں بھی نمایاں اضافہ ہوتا نظر آئے گا۔

اُنہوںنے اس مقصد کیلئے صوبے کے مالی و معدنی وسائل کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اور کھپت کیلئے بھر پور تیاریوں اور انتظامات کی ہدایت بھی کی ۔وزیراعلیٰ نے مزید واضح کیا کہ سی پیک کے تحت خیبرپختونخوا سمیت پورا ملک عالمی تجارتی گزرگاہ بنتا جارہا ہے جبکہ اس تناظر میں وسطی ایشیاء کے ساتھ ہمارے تجارتی روابط کا احیاء ہونے کو ہے اور اس کے نتیجے میں پشاور ہی نہیں بلکہ ہمارا پورا صوبہ اپنے بہترین محل وقوع کی وجہ سے خطے کے تمام ممالک کا گیٹ وے بنتا جارہا ہے جس کے لئے صوبے کے تمام محکموں ، وسائل اور افرادی قوت کو بہترین انداز میں بروئے کار لانا ضروری بن چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :