پنجاب یونیورسٹی معیاری تعلیم و تحقیق پر توجہ دے رہی ہے، ڈاکٹر ظفر معین ناصر

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی معیاری تعلیم و تحقیق پر توجہ دے رہی ہے،وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام میڈیا کے مختلف اداروں سے وابستہ اسلام آباد کے تعلیمی رپورٹر کے 18 رکنی وفد کے دورہ کے موقع پر انڈرگرایجوایٹ بلاک میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ہائرایجوکیشن کمیشن کی ڈائریکٹر میڈیا عائشہ اکرام، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد خالد خان اور مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز بھی موجود تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نہ صرف پاکستان کی ترقی بلکہ معاشرے کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان نے پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ اور شعبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ہائرایجوکیشن کمیشن کی ڈائریکٹر میڈیا عائشہ اکرام نے کہا کہ تعلیمی رپورٹرز کے دورے کا مقصد یونیورسٹیوں میں ہونے والے تحقیقی امور اور ترقی سے میڈیا کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔ بعد ازاں وفد نے ادارہ علوم ابلاغیات اور پنجاب یونیورسٹی لائبریری کا دورہ کیا ۔