Live Updates

وزیر اعلیٰ کا پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں 5ارب روپے اضافہ کا اعلان،مزید لاکھوں طلبا و طالبات مستفید ہونگے

جھوٹا ثابت ہونے پر عمران خان جھوٹوں کا آئی جی قرار پائے گا نیازی صاحب کیخلاف عدالت ضرور جاؤنگا،الزام ثابت ہوا تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑدونگا:شہبازشریف جس طرح سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی ہے، میری اپیل ہے کہ اس کیس کی بھی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے عمران خان کو10 ارب روپے کی رشوت کی پیش کش کا الزام بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہے ،وزیراعلیٰ کا یونیورسٹی آف سرگودھامیںپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے زیر اہتمام آگاہی پروگرام کی تقریب سے خطاب وزیر اعلیٰ کا سرگودھا میں فاؤنٹین ہاؤس کا افتتاح، مختلف شعبوں کا دورہ کیا، ذہنی امراض کاشکارافراداوربچوں سے ملاقات

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:02

وزیر اعلیٰ کا پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں 5ارب روپے اضافہ کا اعلان،مزید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے بجٹ میں یکم جولائی سے 5 ارب روپے اضافہ کا اعلان کیا ہے اورکہاہے کہ یہ فنڈ ہونہار ‘ محنتی او رمستحق طلباء وطالبات کیلئے ایسا شجر ہے جس کے سائے میں وہ اپنے ہرروشن خواب کی تعبیر حاصل کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 5 ارب روپے کے اضافے سے انڈوومنٹ فنڈ کا کل حجم 23 ارب روپے ہو جائے گا۔

وہ آج یونیورسٹی آف سرگودھامیںپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے زیر اہتمام آگاہی پروگرام کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ مخالفین موجودہ حکومت کے عوام دوست منصوبوں پر بے جا تنقید کو اپنا وطیرہ بنائے ہوئے ہیں۔ انہیں پھلتا پھولتا پاکستان ہضم نہیں ہو رہا،مخالفین تنقید کرتے رہیں ہم عوامی خدمت کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمران خان کے پانامہ کیس میں ان کی طر ف سے 10 ارب روپے کی رشوت کی پیش کش کے الزام کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانامہ کیس روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی ہے، میری دردمندانہ اپیل ہے کہ جس عدالت میں بھی یہ کیس لگے وہاں روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوتاکہ جلد دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو ۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر یہ الزام ثابت ہوجاتا ہے تو وہ تاحیات سیاست سے دستبردار ہو نے کیساتھ سا تھ قوم سے معافی مانگیں گے لیکن اگر عمران خان جھوٹا ثابت ہو جاتاہے تو یہ اس کی صوابدید ہے کہ وہ سیاست سے کنارہ کش ہوتاہم ان کی ڈکشنری میں عمران خان مسلمہ جھوٹا او رجھوٹوں کا آئی جی قرار پائے گا۔انہوںنے کہا کہ نیازی صاحب نے 10ارب روپے کی رشوت کی پیشکش کا جو جھوٹا الزام لگایا ہے میں عدالت جاؤں گااور ضرور جاؤں گا۔

نیازی صاحب نے کہا ہے کہ عدالت جانے کی صورت میں رشتے داروں کے نام سامنے آئیں گے۔تو نیازی صاحب سن لیں میں عدالت ہر صورت جاؤں گا۔ایک پائی بھی رشوت دینے کا الزام ثابت ہو تو ہمیشہ کیلئے سیاست چھوڑ دوں گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیف ایک مقدس مشن ہے جس سے لاکھوں سکالرز مستفید ہو کر ملک وقوم کو دنیا کے نقشے پر صفحے اول پر لے جائیں گے ۔ مفت تعلیم ‘ رہائش ‘ صحت کی فراہمی ہر حقیقی فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہے اور ملک کو ایک فلاحی ریاست بنانے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

پیف اس فلاحی ریاست کا نقطہ آغاز ہے اور یہ ایک ایسا انقلابی منصوبہ ہے جس کیلئے پورے ملک کا بجٹ ناکافی ہے ۔ انہوں نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو دعوت دی کہ وہ بھی اپنے ملک کے کثیر بجٹ کو علاقائی تباہی کی بجائے تعلیم کیلئے مختص کر ے او رپیف جیسے منصوبوں کا آغاز کرے تاکہ خطے سے غربت وجہالت اور افلاس کو ختم کیاجاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ ترقی کے یکساں مواقع حاصل کرناہر پاکستانی کا حق ہے لیکن مخالفین اس بلا امتیاز ترقی کے مخالف ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میٹروٹرین منصوبہ ہر ضلع میں شروع ہو گا کیونکہ عمدہ اور باوقار ٹرانسپورٹ ہر شہری کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب قوم کے بچوں کو مالی وسائل کی مشکلات کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے وائس چیئرمین پیف سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ سال پیف کے بجٹ میں اضافہ کے تناسب سے پیف سکالرز کی تعداد کو ساڑھے تین لاکھ تک لے جائیںگے ۔انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر کوٹاسک دیاکہ وہ یونیورسٹی کو ملک کی تین صفحہ اول کی یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل کریں تو وہ یونیورسٹی کو اربوں روپے کے فنڈز فراہم کریںگے ۔

انہوں نے یونیورسٹی کی سہ ماہی ترقی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کابھی اعلان کیا اور کمیٹی کی سفارشات پر ہر تین ماہ بعد یونیورسٹی کی ترقی کے تناسب سے فنڈز دیئے جائیںگے ۔ انہوں نے پیف سکالرز ڈاکٹرمحمد سبطین کے گاؤں میںبنیادی مرکز صحت قائم کرنے کا اعلان کیا اور محمد سبطین کو اس مرکز صحت پر ہر عام تعطیل پر مریضوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ پاکستان کا پہلااورجنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈ ہے ،جس کے تحت اب تک غریب گھرانوں کے ہونہار طلبا و طالبات میں ساڑھے گیارہ ارب روپے کے وظائف تقسیم کیے جاچکے ہیں۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت وظائف حاصل کرنیوالے پیف سکالرز کی تعداد 1لاکھ 98ہزار ہوچکی ہے اوراس تعلیمی فنڈ سے پیف سکالرز، ڈاکٹرز،انجینئرز، سائنسدان،بینکرزاورپروفیسرز بن کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردارادا کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اگلے مالی سال کے بجٹ میں تعلیمی فنڈ میں 5ارب روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب اس فنڈ کا حجم 23ارب روپے ہوجائے گا،جس سے مزید لاکھوں ہونہار اورمستحق طلباو طالبات کو وظائف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ میرا بس چلے تو صوبے کا پورا بجٹ اس تعلیمی فنڈ میں دے دوںتاکہ پیف سکالرز کی تعداد 2لاکھ سے بڑھ کر 20لاکھ ہوجائے اورتعلیم کا انقلاب برپا ہوجائے۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا آئیڈیاغریب الوطنی کے دوران سعودی عرب اور برطانیہ کے تعلیمی نظام سے متاثر ہوکرمیرے ذہین میں آیا، میںغریب الوطنی کے دوران سعودی عرب میں تھا تو میرے سعودی ڈرائیور نے مجھے بتایا کہ میرے چار بچے ہیں جن کے تعلیمی اخراجات سعودی حکومت برادشت کرتی ہے اس کے علاوہ ہر بچے کو دوسرے اخراجات کیلئے دوسو ریال ماہانہ وظیفہ بھی ملتا ہے ،اسی طرح جب میں ایک مہلک بیماری کے علاج کیلئے نیویارک گیااوروہاں سے لندن آیا تو مجھے برطانیہ کے تعلیمی نظام کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔

برطانیہ میں تعلیم کے اخراجات ریاست برداشت کرتی ہے ۔ سعودی عرب اوربرطانوی تعلیمی نظام دیکھ کر مجھ میں تجسس پیدا ہوا اورمیرے اندر بھی یہ سوچ آئی کہ ہمیں بھی مہران کی وادیوں ،پنجاب کے میدانوں،بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوںاورکے پی کے کے برف پوش پہاڑوں پر رہنے والے اپنے عظیم بیٹے اوربیٹیوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں جوقابلیت کے لحاظ سے سعودی عرب اور برطانیہ سمیت دنیا کے کسی ملک میں بسنے والے بچوں سے کم نہیں ہیں۔

یہ نہیں ہوسکتاکہ میری قوم کے بیٹے اور بیٹیاں صرف وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم سے محروم رہیںاورجب ہم 2007ء میں غریب الوطنی کے بعد وطن واپس آئے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں عوام نے ووٹ سے ہمیں خدمت کاموقع دیا تو میں نے سب سے پہلی میٹنگ اسی تعلیمی فنڈ کے حوالے سے کی اوراسی سوچ کے پیش نظرصوبے میںپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی بنیاد رکھی۔

نبی آخروزماں کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ سے درس ملتا ہے کہ تمام انسان برابر ہیں اورسب کو یکساں حقوق ملنے چاہیے۔ اشرافیہ کے بچے تودنیا کے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں جبکہ غریب کا ہونہار بچہ تعلیم سے محروم رہے،اسی تعلیمی تفاوت کو دور کرنے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ بنایا گیاہے ۔معاشی تفاوت اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

انہوںنے کہا کہ جلاوطنی کے بعد 2007ء میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں دوبارہ پاکستان بھجوایااورنوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے یہ منفرد تعلیمی فنڈ قائم کیا ۔ حکومت ہر سال اس فنڈ میں 2ارب روپے دیتی ہے جس کے باعث اس کا حجم ساڑھے 17ارب روپے سے بڑھ چکا ہے اورآئندہ سال اس فنڈ میں 5ارب روپے دیئے جائیںگے جس سے اس کا حجم 23ارب روپے ہوجائے گا۔

اس تعلیمی فنڈ کے روح رواں ڈاکٹر امجد ثاقب سے میری درخواست ہے کہ وہ اگلے سال پیف سکالر ز کی تعداد ساڑھے 3لاکھ کریں۔انہوںنے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے صرف پنجاب کے ذہین بچے اوربچیاں ہی مستفید نہیں ہورہے بلکہ اس پروگرام میں پاکستان کی تمام اکائیوں کے بچوں کو شامل کر کے قومی یکجہتی کو مضبوط کیاگیاہے ۔یہ فنڈ نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈ ہے بلکہ پورے ہندوستان سمیت جنوبی ایشیاء میں ایسا تعلیمی فنڈ موجود نہیں ہے ۔

میرا نریندر مودی کو چیلنج ہے کہ آپ ہندوستان میں اس طرح کا تعلیمی فنڈ مجھے دکھا دیں۔مودی کی اپنی ریاست سمیت پورے ہندوستان میں ایسا شاندار تعلیمی فنڈ موجو دنہیں۔انہوںنے کہا کہ جوسیاسی مخالفین طعنہ دیتے ہیں کہ شہبازشریف سڑکیں،پل اورمیٹروبسیں بناتا ہے،میراان کو جواب ہے کہ یہ تمام منصوبے عام آدمی کی فلاح وبہبود کے لئے ہیںاوراس سے عام آدمی کو سہولتیں ملی ہیں۔

ملتان میں میٹروبس جنوبی پنجاب کے عوام کو باکفایت ، آرام دہ اورمحفوظ سفری سہولتیں فراہم کررہی ہے تو انشاء اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب سرگودھا میں بھی میٹروبس چلے گی اور یہاں کے عوام بھی باو قار طریقے سے اپنی منزلوں تک پہنچیں گے اوریہ وقت قریب ہے ۔ صدر ،وزیراعظم ،وزراء اعلی،ورزاء اوراشرافیہ کے بچے تو لمبی اورمرسیڈیز گاڑیوں میں سفر کریں اوردنیا کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں جبکہ محنت سے رزق حلال کمانے والے عظیم پاکستانیوں کے بچے بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہوںیہ کسی صورت قائدؒاوراقبالؒکا پاکستان نہیں کہلاسکتا۔

انہوںنے کہا کہ پنجاب میں میرٹ سکہ رائج الوقت ہے اوردیگر تمام پروگراموں کی طرح تعلیمی فنڈ کے اجراء میں بھی میرٹ کی بالادستی ہے، تمام وظائف صرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں،وزیراعلیٰ کوئی وزیر یا رکن اسمبلی کسی کی سفارش نہیں کرسکتا، یہ وظیفہ صرف اورصرف بچوں کی محنت کی بنیاد پر ہی ملتا ہے ۔اس وظیفے سے تعلیم حاصل کرنے والے بچے پاکستان کانام روشن کریںگے اوردنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کریںگے اور پاکستان کی عظمت کا جھنڈا گاڑیں گے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹراشتیاق اورفیکلٹی ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اس یونیورسٹی کو پاکستان کی تیسری بڑی یونیورسٹی بنادیں تو جتنے ارب روپے کے وسائل آپ مانگیں گے ،میںآپ کودوں گا۔ پیف کے وائس چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے خطاب کر تے ہوئے بتایاکہ سکالر شپ کیلئے باصلاحیت ‘ قابل لیکن مستحق طلباء وطالبات کا انتخاب کیا جاتا ہے جس کیلئے تعلیمی بو رڈز کے ریکارڈ سے مدد لی جاتی ہے جبکہ یتیم ‘ کلاس فور تک کے سرکاری ملازمین ‘ اقلیتی اور خصوصی بچوں کیلئے کوٹہ مختص کیاگیاہے ۔

انہوں نے بتایا ہے کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ‘ دیگر صوبوں ‘ آزاد کشمیر ‘ فاٹا ‘ گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیلئے بھی میرٹ پر سکالر شپ دیئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ پوسٹ گریجوایٹ بچوں کیلئے اعلیٰ پائے کی یونیورسٹیوں او رڈگری سطح کے تعلیمی اداروں کیلئے بھی فنڈ جاری کئے جا تے ہیں ۔انہوں نے سکالرشپ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیلنٹڈ ‘ذہین ‘ نادار او رغریب طلباء وطالبات کو ان کے خواب کی تکمیل میں مدد دینا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2016-17کے دوران پیف سے پچاس ہزار سے زائد بچے مستفید ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن ہیڈکوارٹراور ضلع سیالکوٹ میں زیر تعلیم بورڈ نگ ہاؤسز کے طلباء وطالبات کو دس فیصد اضافی الاؤنس دیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیف ایک مقدس ابتداء ہے اگریہ اقدام پچاس سال قبل ہوتا تو ملک دنیا کے نقشے پر ایک درخشندہ اور روشن ستارہ بن کر چمک رہا ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ پاکیزہ سوچ اور قوم کادرد ہی رہنماؤں کو غربت ‘ افلاس ‘ محرومی میں امیدوانصاف کی رغبت دلاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام اقربا ء پروری اور ذاتی پسند وناپسند سے بالاتر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ شفاف پروگرام بلاتفریق ہر مستحق طالبعلم او رطالبہ کیلئے گھنی چھاؤں ہے او رشجر سایہ دار ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ پیف کے تحت ہونہار باصلاحیت مستحق طلبہ وطالبات ملک وبیرون ملک تین سو سے زائد صف اول کے اداروں اور یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔

اب پیف کے ذریعے ملک کاہر بچہ اپنے خوابوں کی تعبیر پائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے بارے میں آغاز سے اب تک کوئی شکایت بھی سامنے نہیں آئی اور اس کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔وائس چانسلر یو او ایس ڈاکٹر اشتیاق احمد نے یونیورسٹی کی علاقے کی تعمیر وترقی میں کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں پیف کے مختص شدہ 25 کروڑ فنڈز سے 2200 سے زائد سکالرز موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں 25 ہزار سے زائد طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں جو علم کی شمع سے منور ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 900سے زائد فیکلٹی ممبرز ہیں جو یونیورسٹی کے شعبوںمیں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔پیف سکالرز نے اپنی کامیابیوں کی داستان سنائی جو صرف اور صرف پیف کے طفیل ممکن ہوئی ہے وہ ملک کے کامیاب انسان بن کر پاکستان کی اعلیٰ عہدوں کے ذریعہ خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے ناامیدی سے پیف کے ذریعہ امید کی سیڑھیاں عبور کیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا اس شاندار فنڈکے اجراء پر شکریہ اداکیاجبکہ بچوں کے والدین نے محمد شہباز شریف کے اس نیک مقصد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ تقریب میں وفاقی وصوبائی وزراء پیر امین الحسنات ‘ بیگم ذکیہ شاہنوار ‘ ملک آصف بھا ‘ سیکرٹری ہائیرایجوکیشن وائس چیئرمین پیف امجد ثاقب ‘ ڈویژن بھر کے پارلیمنٹرین ‘ پروفیسرز ‘ ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران ‘ طلباء وطالبات اور پیف سے مستفید ہونیوالے سکالرز کے والدین بھی موجود تھے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرگودھا میں فاؤنٹین ہاؤس کا افتتاح کیااور مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے فاؤنٹین ہاؤس میں ذہنی امراض کاشکارافراداوربچوں سے ملاقات کی اوران بچوں کو تحائف اورسویٹس دیں۔انہوںنے کہا کہ ذہنی امرا ض میں مبتلا افراد اوربچوں کی حفاظت اوردیکھ بھال عام مریضوں کی طرح کرنی چاہیے۔ذہنی امراض میں مبتلا افراد بھی ہماری پوری توجہ چاہتے ہیں ۔

پنجاب حکومت نے پہلے بھی ایسے اداروں کی بھر پور معاونت کی ہے اورآئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس ادارے میں ایسے لوگ آتے ہیں جنہیں ان کے گھر والے بھی اپنے آپ پر بوجھ سمجھتے ہیں ان کی خدمت بہت بڑی عبادت او رکارخیر کاکام ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فاؤنٹین ہاؤس میں ذہنی معذور وںکیلئے تعلیم وتربیت او ررہائشی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس کارخیر کاسہرا ڈاکٹر امجد ثاقب او ران کی ٹیم کو جاتاہے جودکھی انسانیت کی خدمت کیلئے دن رات کو شاں ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے فاؤنٹین ہاؤس میں حکومت پنجاب کی طرف سے خواتین کیلئے علیحدہ وارڈ کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا گیاکہ فاؤنٹین ہاؤس 2015 میں 54 کنال اراضی پر قائم کیاگیا جہاں پر اس وقت 50 ذہنی معذور افراد تعلیم وتربیت کی سہولیات حاصل کر رہے ہیں ۔اس موقع پر ادارے کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ادارے کے مختلف شعبوں او ران کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات