میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کا اجلاس ،نواز شریف کی متحرک فعال ،مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد کے اظہار ،عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرنے سمیت 12قرار دادیں متفقہ طور پر منظور

ہر ڈپٹی میئر کو تین ، تین کروڑ روپے کے فنڈز ایلوکیٹ کئے گئے ، سٹریٹ لائٹس کے لئے 10کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا جارہا ہے‘مبشر جاوید دنیا کا کوئی سسٹم بھی ہو اسے مضبوط ہونے ،اس کی رٹ قائم کرنے میں ایک وقت درکار ہوتا ہے ‘ خواجہ احمد حسان کا اجلاس کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:01

میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کا اجلاس ،نواز شریف کی متحرک فعال ،مدبرانہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کی متحرک فعال ،مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد کے اظہار اور عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرنے سمیت 12قرار دادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں جبکہ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ہر ڈپٹی میئر کو تین ، تین کروڑ روپے کے فنڈز ایلوکیٹ کئے گئے ہیں ، سٹریٹ لائٹس کے لئے 10کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا جارہا ہے جس کے ٹینڈر 6مئی کو اوپن ہوں گے ۔

گزشتہ روز جناح ہال میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کا عام اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کے فرائض سپیکر و سینئر ڈپٹی میئر سواتی خان نے سرانجام دئیے ۔اجلاس میں میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن، لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید ،ڈپٹی میئر حاجی اللہ رکھا ، مہر محمود ، رائو شہاب الدین و دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جبکہ خواجہ احمد احسان بھی موجود تھے ۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ دنیا کا کوئی سسٹم بھی ہو اسے مضبوط ہونے اور اس کی رٹ قائم کرنے میں ایک وقت درکار ہوتا ہے ۔

موجودہ لوکل کونسل سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبہ پنجاب دن دگنی رات چوگنی ترقی کررہا ہے اور آج دنیا کے دیگر ممالک میں پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور سبز پاسپورٹ کو لوگ چومتے ہیں ۔خواجہ احمد حسان نے شہباز شریف کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لاہور کے لئے انکی کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور شرکاء کو بتایا کہ چین میں ترقی کی رفتار کا پیمانہ ’’ شہباز سپیڈ ‘‘ کے کوڈ سے ماپا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لوکل باڈیز کے الیکشن کروانے میں اور اس سسٹم کو مضبوط بنانے میں میاں نواز شریف کے مثبت کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔لوگوں کو ریلیف دینا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔اس سسٹم کو فعال اور موثر بنانے کے لئے آپ لوگوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ خدمت عین عبادت ہے اور لوگوں کے بہت سے مسائل آپ نچلی سطح پر حل کرکے خدا کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں ۔

اس موقع پر میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا ہے کہ کارپوریشن میں تمام ترقیاتی کام میرٹ کی بنیاد پر کئے جارہے ہیں۔کرپٹ مافیا کے کردار کو ختم کرکے گڈ گورننس کے ذریعے لوکل گورنمنٹ سسٹم کو فعال اور موثر بنایا جارہا ہے ۔پارٹی پالیسی پر عملدرآمد میری ترجیحات میں شامل ہے ۔لاہور کی تعمیر و ترقی پر خصوصی تو جہ دی جارہی ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لاہور کی ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ لوگوں کی سکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر کی تمام اہم سڑکوں ، بازاروں اور مارکیٹوں میں سکیورٹی کیمرے لگائے جارہے ہیں۔کرنل مبشر جاوید نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ہر ڈپٹی میئر کو تین ، تین کروڑ روپے کے فنڈز ایلوکیٹ کئے گئے ہیں ۔

سٹریٹ لائٹس کے لئے 10کروڑ روپے کا ٹھیکہ دیا جارہا ہے جس کے ٹینڈر 6مئی کو اوپن ہوں گے ۔سٹریٹ لائٹس کے نظام کو پہلے سے بہتر کیا جارہا ہے ۔40واٹ کی بجائے 80واٹ کے بلب لگائے جائیں گے ۔پیچ ورک کے لئے بھی اشتہار دے دیا گیا ہے ۔تنخواہوں اور پنشن کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ ابھی نیا سسٹم ہے اسے مضبوط بنانے کے لئے آپ لوگوں کو بھی محنت کرنا ہوگی اور ترقیاتی کاموں میں کوالٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہ کرنا ہوگا۔

تاکہ عوامی خدمت کی اس ذمہ داری کو بطریقہ احسن سرانجام دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ عوام کی ہوتی ہے اور آپ کی تمام تجاویز اعلیٰ قیادت تک پہنچانا میرا اخلاقی فرض ہے ۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈرعفیف احمد صدیقی نے ایوان میں مین فیروز پور روڈ سے فاضلیہ کالونی کو جانے والی سڑک کا نام سید الطاف محی الدین روڈ رکھنے سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے ہائوس نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔

ڈپٹی میئر اعجاز حفیظ نے قرار داد بابت کمرشلائزیشن اور پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم کی منظوری کے حوالے سے پیش کی اور ایوان سے درخواست کی کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن ، لاہور کی مذکورہ ذمہ داری ایم سی ایل لاہور کو ہی منتقل کی جائے تاکہ یہ ادارہ اپنے رہائشیوں کو میونسپل سروسز فراہم کرنے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا سکے ۔

قرار داد کو متفقہ رائے سے منظور کر لیا گیا ۔ امیر محمد گجر نے نجی ہسپتالوں سے میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ملازمین کے علاج و معالجہ سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔چوہدری محمد طارق چیئرمین یوسی 92نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کی متحرک فعال اور مدبرانہ قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرنے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔

چیئرمین یوسی 86 چوہدری محمد یونس نے تکیہ لہری شاہ چاہ میراں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔چیئرمین یوسی 151چوہدری مقصود گجر نے گلدشت ٹائون میں قبضہ گروپ سے سکول کی جگہ خالی کروانے سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔چوہدری محمد علی گجر نے گائوشالہ قبرستان سے متعلقہ کمیٹی تشکیل دینے کی قرار داد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔

حاجی ملک محمد ریاض نے میاں میر قبرستان میں ایم سی ایل کی طرف سے تدفین کا مکمل ریکارڈ رکھنے سے متعلقہ کسی کلرک کی ڈیوٹی لگانے کی قرار داد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔ شہاب بشارت نے وزیراعظم میاں نواز شریف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرنے سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ۔یونین کونسل 272رائیونڈ کے چیئرمین دائود خان نے رائیونڈ شہر میں سٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور گورنمنٹ ویمن کالج رائیونڈ کے مسائل سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔

ڈسٹرکٹ ممبر غزالہ نصرت بیگ نے سبزہ زار سڑک کا نام ریڈیو پاکستان لاہور کے معروف کمپیئر نظام دین کے نام پر نظام دین روڈ رکھنے سے متعلقہ قرار داد پیش کی جسے منظور کر لیا گیا ۔اجلاس سے ڈپٹی میئر وسیم قادر ،مشتاق مغل ،میاں طارق نے بھی خطاب کیا ۔