پاک چین کی دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہو گا،چینی سفیر

راہداری کے بارے میںکاروباری برادری اور بعض دیگرحلقوں کے تحفظات بے جاہیں،کسی کمپنی کو پاکستان میں پرانی مشینری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ایف پی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 29 اپریل 2017 19:16

پاک چین کی دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہو ..
ا سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2017ء) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین کی دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہو گا۔ ہماری لازوال اوربے مثال دوستی دونوں ممالک کے علاوہ پورے خطے کیلئے مفید ہے جس میں وقت کے ساتھ مزید اضافہ ہو گا۔ چینی قیادت اور عوام پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

چین کے سفیر نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سے ایک خصوصی ملاقات کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کاروائیاں کی ہیں جبکہ سی پیک کے پاکستان کے اقدامات سے ہم مطمئن ہیں۔ چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے بارے میںکاروباری برادری اور بعض دیگرحلقوں کے تحفظات بے جاہیں جس کے بارے میں وقت بتائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ایسی اشیاء بہت کم بنتی ہیں جن کی چین میں مانگ ہو جسکی وجہ سے تجارتی توازن غیر متوازن ہے مگر چینی صنعتوں کے قیام کے بعد پاکستان کی برامدات میں اضافہ ہو جائے گا۔محنت کی جائے تو پاکستانی برامدات آسانی سے 35 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی چینی کمپنی کو پاکستان میں پرانی مشینری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر بھی کی جائے گی۔

اسی طرح اقتصادی راہداری منصوبہ کے بجلی گھر کم ایندھن میں زیادہ پیداوار دینگے اور انکے ماحولیاتی اثرات بھی کم ہونگے۔ انھوں نے بتایا کہ سب سے پہلے نیشنل گرڈ میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر کے پاکستان میں توانائی کا بحران ختم کیا جا رہا ہے جسکے بعد انفراسٹرکچر کو ترقی دی جائے گی اور اسکے بعد اکنامک زونز میں صنعتیں لگائی جائینگی جس کی سیکورٹی کا خاطر خواہ انتظام ضروری ہے تاکہ چینی ماہرین خود کو محفوظ سمجھیں۔

پاکستانی کاروباری برادری کیلئے ویزہ کا حصول سہل بنایا جا رہا ہے اور وفاقی چیمبر سے متعلقہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پرویزا فراہم کیا جائے گا۔ پاکستانی بھائی چین میں ہونے والی نمائشوں اور دیگر تقریبات میں بھرپور شرکت کریں تاکہ تعلقات اور تجارت میں اضافہ ہو۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ملک تعلقات کو تجارت سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں اسلئے کاروباری برادری کو پریشان نہیں ہونا چائیے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ سے خوشحالی بڑھے گی جس سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئینگے۔ انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل میں کسی چیز کو رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :