خورشید شاہ نے پاک فوج کے موقف کی حمایت کردی

پاک فوج نے ڈان لیکس پر وزیراعظم ہائوس کا نوٹیفیکیشن مسترد کرکے درست کیا، جندال کے ساتھ وزیراعظم کی مری میں ملاقات نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ،بھارت کشمیریوں کوشہید اور وزیراعظم بھارتیوں کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا بیان

ہفتہ 29 اپریل 2017 18:57

خورشید شاہ نے پاک فوج کے موقف کی حمایت کردی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے پاک فوج کے موقف کی حمایت کردی اور کہاکہ پاک فوج نے ڈان لیکس پر وزیراعظم ہائوس کا نوٹیفیکیشن مسترد کرکے درست کیا، پاناما پر جے آئی ٹی کا بھی کچھ نہیں ہونا، جندال کے ساتھ وزیراعظم کی مری میں ملاقات نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

بھارت کشمیریوں کو مار رہا ہے اور وزیراعظم بھارتیوں کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں خورشیدشاہ نے کہاکہ زیرداخلہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ ڈان لیکس رپورٹ متفقہ نہیں آرہی۔انہوںنے کہاکہ وزیرداخلہ چودھری نثار کی بات سن کرہی میں نے کہا تھا کہ انکوائری کمیٹی کا کچھ نتیجہ نہیں نکلے گا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ ذمہ دار افراد کوفارغ کرکے کچھ کو بچا لینا درست نہیں۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی نے کہاکہ پاناما پر جے آئی ٹی کا بھی کچھ نہیں ہونا۔انہوںنے کہاکہ جندال کے ساتھ وزیراعظم کی مری میں ملاقات نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔بھارت کشمیریوں کو مار رہا ہے اور وزیراعظم بھارتیوں کیساتھ دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔خورشیدشاہ نے کہاکہ بھارت میں پاکستانی ملبوسات کے دوکانوں کو جلایا جارہا ہے اورہمارے وزیراعظم بھارتیوں کے ساتھ بزنس بڑھا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جندال سے اتنی خفیہ ملاقات کہ ایجنسیوں اور میڈیا سے بھی چھپایا گیا۔انہوںنے کہاکہ ڈان لیکس پاکستان کی سکیورٹی کا ایشو تھا۔خورشیدشاہ نے کہاکہ چھوٹوں کو سزا دیگر بڑوں کو بچایا جارہاہے ۔