لاہور شہر کی گلیوں میں سٹریٹ لائٹس کے لیے 10کروڑ کے ٹینڈرز جا ری کر دیئے گئے‘ کرنل (ر) مبشر جاوید

سٹریٹ لائٹس میں 40واٹ کی بجائی80واٹ کا بلب استعمال کیا جائیگا، منتخب نمائندے کام کو اپنی نگرانی میں کروائیںاور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں، ہر ڈپٹی مئیر کو 3کروڑروپے دیے جارہے ہیں جن کو ترقیاتی کاموں پر استعمال کیا جا ئیگا‘ میئر لاہور کااجلاس سے خطاب

ہفتہ 29 اپریل 2017 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید نے کہا ہے کہ لاہور کا بلدیاتی نظام بہتر اور فرینڈلی ہے اور عوام الناس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ان کے دروازے ہر خاص وعام کے لیے کھلے ہیں،بلدیاتی سسٹم نیا بنا ہے ہم سب نے ملکر اس کو چلانا ہے اور کامیاب کرنا ہے ، لاہور شہر کی گلیوں میں سٹریٹ لائٹس لگانے کے لیے 10کروڑ روپے کے ٹینڈرز دیے جارہے ہیں اور چھ مئی کو یہ ٹینڈرز کھلیں گے اور پوری کوشش ہو گی کہ اس پر تیزی سے کام شروع کروایا جائے،منتخب نمائندے اپنی نگرانی میںسٹریٹ لائٹس لگانے کے کام کو مکمل کروائیں اور اس بات کو خود یقینی بنائیں کہ کام کی کوالٹی میں کوئی فرق نہ رہے اس مرتبہ سٹریٹ لائٹس میں 40واٹ کی بجائی80واٹ کا بلب استعمال کیا جائے گا جبکہ دیگر میٹریل کی کوالٹی کو بہتر یقینی بنایا جائے گا،اسطرح پیچ ورک اور مرمت کے لیے بھی کنٹریکٹ اشتہار دیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹائون ہال میں منعقدہ ہائوس کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہائوس میں موجود منتخب نمائندوں کو کہا کہ سرکاری ملازمین عوام الناس کی خدمت کے لیے ہیں لہٰذاا ن سے کام کروائیں اور جوغفلت اور کرپشن کا شکار ہیں ان کی ثبوتوں کے ساتھ نشاندہی کی جائے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی پے اینڈپینشن کے مسائل کو تیزی سے حل کیا ہے اور اس سلسلہ میں لاہور سب سے آگے ہے۔ انہوں نے منتخب نمائندوںکو کہا کہ وہ ان کی طاقت ہیں ان کے ساتھ ملکر لاہور شہر کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاری اڈہ میں تین کروڑ روپے کے مختلف ٹھیکے ہونے جارہے ہیں جبکہ رائے ونڈ سمیت دیگر مقامات پر موجود اڈوں کو بھی ٹھیکوں پر دیا جارہا ہے جس سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہورکی آمدن میں اضافہ ہو گا۔

اپنے دورہ مشہد کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے ہائوس کو بتایا کہ انہوں نے لاہور شہراور پاکستان کی نمائندگی میئرز اجلاس میں بھرپور طریقے سے کی ہے اور مختلف مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے 53میئرز کو لاہور کی خوبصورتی کے بارے میں بتایا ہے۔ انہوں نے بھی لاہور کے جمہوری ہائوس کی بھرپور تعریف کی ہے۔

متعلقہ عنوان :