2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہو جائے گی، ہم کام کر رہے ہیں اسی لئے ہمارے مخالفین ہماری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں اور ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں، ہم سڑکیں بنا رہے ہیں اور مخالفین سڑکیں ناپتے جا رہے ہیں، ان کے نصیب میں احتجاج اور ہماری قسمت میں عوام کی خدمت ہے، انہیں معلوم ہے کہ اگر اسی طرح ہم کام کرتے رہے تو 2018ء میں بھی ہم کامیاب ہوں گے

وزیر اعظم محمد نواز شریف کا شیر گڑھ میںعمائدین کے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 29 اپریل 2017 18:04

2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہو جائے گی، ہم کام کر رہے ہیں اسی لئے ..
شیر گڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 2018ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہو جائے گی، ہم کام کر رہے ہیں اسی لئے ہمارے مخالفین ہماری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں اور ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں، ہم سڑکیں بنا رہے ہیں اور مخالفین سڑکیں ناپتے جا رہے ہیں، ان کے نصیب میں احتجاج اور ہماری قسمت میں عوام کی خدمت ہے، انہیں معلوم ہے کہ اگر اسی طرح ہم کام کرتے رہے تو 2018ء میں بھی ہم کامیاب ہوں گے۔

وہ ہفتہ کو یہاں رکن قومی اسمبلی عاشق حسین کرمانی کی رہائش گاہ پر علاقہ کے عمائدین کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی پی 211 سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی عبدالرزاق خان نیازی نے مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا جبکہ عاشق کرمانی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے رینالہ کے 100 دیہات کیلئے گیس کی فراہمی کیلئے 50 کروڑ روپے، بلدیاتی نمائندوں کیلئے 50 کروڑ اور حلقے کے دیگر مسائل کیلئے صوبائی حکومت سے بات کرنے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ علاقے کے منتخب نمائندوں کی طرح عوامی خدمت ان کا بھی فرض ہے۔ یہ میری کوئی مہربانی یا احسان نہیں بلکہ آپ کا حق اور میرا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ رینالہ میں ریلوے اسٹیشن کیلئے بھی وزیر ریلوے سے بات کریں گے، حکومت ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ ریلوے ٹرینوں کی رفتار بڑھائی گئی ہے، پاکستان میں تیزرفتار ترقی کا سفر جاری ہے، لاہور ملتان موٹر وے پر کام شروع ہے، ملتان سے سکھر تک بھی 6 رویہ موٹروے زیر تعمیر ہے، سکھر سے حیدرآباد اس سال شروع ہو گی جبکہ حیدرآباد سے کراچی تک آئندہ چند ماہ تک مکمل ہو جائے گی، لاہور سے پشاور تک موٹروے پہلے ہی بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی موٹروے ہمارے دور میں بنی اور ایک بار پھر ہمارے دور میں مزید موٹرویز بن رہی ہیں جو لوگ درمیان میں اقتدار میں رہے ان سے پوچھیں کہ انہوں نے موٹروے اور سڑکیں کیوں نہیں بنوائیں، 20 کروڑ آبادی کو بہتر سفری سہولیات دینے کا خیال کیوں نہیں آیا، وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں ورثے میں لوڈ شیڈنگ ملی ہم اس کو ٹھیک کر رہے ہیں، ہم نے اقتدار میں آ کر منصوبہ بندی کی جن منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھے وہ اب تک تکمیل کے قریب ہیں۔

بھکھی میں 1300 میگاواٹ، حویلی بہادر شاہ 1300 میگاواٹ، سائیوال کول پراجیکٹ بلوکی 1300 میگاواٹ، پورٹ قاسم، نیلم جہلم کے بجلی کے منصوبے اس سال مکمل ہو رہے ہیں۔ 2018ء میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کام کرنے والوں سے محبت کرتے ہیں، ہم نے کھاد کی قیمتیں کم کیں تاکہ کسان خوشحال ہو، اس کی قیمتیں اب مزید کم کریں گے، بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی لائیں گے تاکہ کسانوں کو سستی بجلی مل سکے، ہمارے مخالفین کو معلوم ہے کہ اگر ہم اسی طرح کام کرتے رہے تو وہ 2018ء میں بھی فارغ ہیں، ہم اپنا کام کرتے چلے جائیں گے، یہ احتجاج پر لگے رہیں گے، ان کے نصیب میں احتجاج جبکہ ہماری قسمت میں عوام کی خدمت ہے، ہم سڑکیں بنا رہے ہیں یہ سڑکیں ناپتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر رینالہ شیرگڑھ سڑک کی کارپٹنگ کا بھی اعلان کیا، اس موقع پر ایم پی اے عبدالرزاق خان نیازی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1985ء سے میاں نواز شریف کے ساتھ تھے تاہم بعد میں وہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑے تاہم ایک بار پھر اپنے گھر واپس آ رہا ہوں، وزیر اعظم نے کہا کہ عبدالرزاق نیازی میرے بڑے قریبی ساتھی رہے ہیں، وہ 1985ء میں میرے ساتھ ایم پی اے تھے، انہوں نے بڑا تعلق نبھایا اور درمیان میں وہ آزاد ہو گئے تاہم اب وہ اپنے گھر واپس آ گئے ہیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، وہ پارٹی کیلئے مزید خدمات اور استحکام کا باعث بنیں گے۔

متعلقہ عنوان :