ضلع اٹک میں جاری ترقیاتی سکیموںمیں کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر اٹک

ہفتہ 29 اپریل 2017 17:57

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) ضلع اٹک کے حلقہ حلقہ این اے ستاون، این اے اٹھاون اور این اے انسٹھ میں جاری ترقیاتی سکیموںمیں کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے ضلعی ترقیاتی پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میںموجود تھے ۔ انہوں کہا ہے کہ موجودہ حکومت ضلع اٹک کی تعمیر و ترقی کے لیے بھرپور فنڈز فراہم کررہی ہے ضلع بھر میں پچیس ترقیاتی سکیموں کے لیے 142.594ملین روپے مختص کردیے گئے ہیں ۔ان ترقیاتی سکیموں میں تعمیرات، روڈز، صحت اور زراعت کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں انقلابی ترقیاتی کام جاری ہیں جو وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مرہون منت ہیں اور ان کی خصوصی ہدایات پر ضلع اٹک کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

انہوںنے محکمہ پبلک ہیلتھ ، بلڈنگ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں منتخب سیاسی قیادت کے ہمراہ تمام ترقیاتی کاموں کا معائینہ کریں اور اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ کام کے اعلیٰ ترین معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے ۔ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ٹھیکیداروں کی ادائیگی کو بروقت یقینی بنائیں اور ایسے ٹھیکیداروں کو شامل کیا جائے جو اپنا کام دیانتداری اور جانفشانی سے کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف محکمہ ہیلتھ ، ایجوکیشن ، پبلک ہیلتھ اور دیگر عوامی ترقیاتی سکیموں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور انہیں ملک بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے متعلق روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جارہی ہے۔ رانا اکبر حیات نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع اٹک میں انقلابی ترقیاتی کام جاری ہیں جن کی نگرانی تمام منتخب سیاسی نمائیندے خود کررہے ہیں اور اس سلسلے میں کام کے اعلیٰ معیار کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔