سفاری زو لاہور کی داخلی ٹکٹوں کی شرح میں اضافے کی منظوری ، اطلاق جلد کردیاجائیگا

ْبڑوں کی ٹکٹ داخلہ 40روپے، بچوں کی 20،کار اور جیپ کی 100روپے اور بس کی 250 سے بڑھا کر 300روپے کردی گئی چھٹی والے دن ڈیوٹی دینے والے ملازمین کو فیسٹیول گرانٹ کی فراہمی کیلئے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے منظوری لینے کا فیصلہ ‘ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد عیاض خان کی زیر صدارت سفاری زو مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے

ہفتہ 29 اپریل 2017 17:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) سفاری زو لاہور کے ٹکٹ داخلہ ، گاڑیوں اور بسوں کی شرح میں اضافے کی منظوری دید ی گئی،نئی شرح کا اطلاق جلد کردیا جائیگا ۔ اس امر کا فیصلہ یہاں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد عیاض خان کی زیر صدارت منعقدہ سفاری زو لاہور کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔جس میں ایسوسی ایٹ پروفیسر یونیورسٹی آف اینیمل اینڈ ویٹرنری سائنسز لاہور ڈاکٹر محمد لطیف ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سفاری زو سید ظفرالحسن، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چو دھری شفقت علی ، ڈپٹی ڈائریکٹروائلڈلائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ عامر مسعود ، سیکشن آفیسر وائلڈلائف محمد ایازنے بطور سرکاری اراکین جبکہ لاہور کالج فارویمن یونیورسٹی کے شعبہ زوالوجی کی پروفیسرڈاکٹر فرخندہ ، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف غضنفر علی لنگاہ ، سابق اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدرمنیر، سائرہ طاہر اور ڈاکٹر ارشد مقبول نے بطور غیر سرکاری اراکین شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ بڑوں کے ٹکٹ داخلہ کو 20سے بڑھا کر 40روپے ، اس طرح بچوں کے 10سے بڑھا کر 20روپے ، موٹر سائیکل /رکشہ کے 20سے بڑھا کر 30روپے ، کار /جیپ 100روپے ، منی بس /کوسٹر کے 200سے بڑھا کر 250روپے جبکہ بس کے داخلہ ٹکٹ کو 250سے بڑھاکر 300روپے کردیا جائے ۔ کمیٹی کے اراکین نے پیش کردہ تجویز کو موجودہ حالات اور و قت کی ضرورت سمجھتے ہوئے متفقہ طور پرمنظوری دی ۔

اجلاس میں چھٹی والے دن ، گزیٹیڈچھٹیوں کے دوران ڈیوٹی دینے والے ملازمین کیلئے چڑیا گھر لاہور کی طرز پر فیسٹیول گرانٹ دینے کی بھی تجویز پیش کی گئی جس پر فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلہ میں سمری بنا کر فنانس ڈیپارٹمنٹ سے منظوری حاصل کی جائے گی ۔اجلاس میں پلے لینڈ اور فوڈ کورٹ کے اوقات کار میں اضافہ کرنے اور اسے رات 9بجے تک لیجانے کی بھی تجویز دی گئی جس پر کمیٹی کے اراکین نے فیصلہ کیا کہ پلے لینڈ اور فوڈ کورٹ آنے والوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ بنا کر پیش کیا جائے اور اضافی اوقات کے دوران سفاری زو کے سکیورٹی پر مامور ملازمین کی معاونت کے لئے ان دونوں سہولیا ت کی انتظامیہ کے سکیورٹی ملازمین کو بھی اس میں شامل کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :