کسی نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تو عوام اسے جوتے ماریں گے ،ْعابد شیر علی

ہفتہ 29 اپریل 2017 16:58

کسی نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تو عوام اسے جوتے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ کسی نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تو عوام اسے جوتے ماریں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے خلاف سیاسی پرا پیگنڈا کیا اب ہم انہیں عدالتوں میں گھسیٹیں گے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کو تو کوئی 10 روپے بھی نہ دے اور وہ 10 ارب روپے کی بات کر رہے ہیں،عمران خان نے آصف زرداری کے ساتھ بھی ہاتھ ملایا ہے، اب دیکھتے ہیں کون کس کی انگلیاں کاٹتا ہے۔عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو عوامی حمایت حاصل ہے اور انہوں نے جب بھی کوئی سیاسی جلسہ کرنا ہو گا تو وہ فیصل آباد میں کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اب اگر کسی نے وزیراعظم سے استعفیٰ کی بات کی تو عوام انہیں جوتے ماریں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ ڈاکٹر عاصم پلس ایان علی ’’از ایکول ٹو‘‘ آصف زرداری۔ انہوںنے کہاکہ کراچی میں پی پی نے دو کلو میٹر سڑک 52 ارب کی بنائی ہے، یہ کیس تو نیب میں جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی اگلی حکومت (ن) لیگ کی ہی ہو گی، میرا چلینج ہے تحریک انصاف کے پی کے میں ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کر سکے گی۔

عابد شیر علی نے عمران خان کو ’’پپو‘‘ اور جہانگیر ترین کو ’’ککو‘‘ کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اخلاقی،سیاسی اور روحانی طور پر بد اخلاق ہیں،انہوں نے اداروں کو کمزور کرنے کا نیا رویہ اختیار کیا ہے اور حنیف عباسی کی پٹیشن کی منظور ی پر یہ رو رہے ہیں۔وزیرمملکت نے کہا کہ عمران خان کے گزشتہ روز کے جلسے میں کرسیاں خالی تھیں ،ْان کی اے ٹی ایمز کرپشن کی آماجگاہ ہیں اور ہم نے ہمیشہ عدلیہ اور اس کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔

عابد شیر علی کے مطابق احتجاج وہ کررہے ہیں جنہوں نے پاکستان کو تباہ کیا ،ْڈاکوؤں کے احتجاج کرنے کی وجہ سے ملکی ترقی متاثر ہوئی ہے،آصف زرداری سوئٹزرلینڈ کی عدالتوں سے سزا یافتہ مجرم ہیں،یہ ہماری کامیابی ہے کہ مخالفین سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں اور ہم نے ہمیشہ عدلیہ اور اس کے فیصلوں کا احترام کیا۔