لاہور کی ضلعی انتظامیہ کا پیپلز پارٹی کو 4 مئی کو لوڈ شیڈنگ کیخلاف مینار پاکستان پر احتجاج کی اجازت دینے سے انکار

حکومتی ہتھکنڈے احتجاج سے نہیں روک سکتے ، قمر زمان کائرہ کی زیر صدارت اجلاس ، آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی

ہفتہ 29 اپریل 2017 16:54

لاہور کی ضلعی انتظامیہ کا پیپلز پارٹی کو 4 مئی کو لوڈ شیڈنگ کیخلاف مینار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اپریل2017ء) ضلعی انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کو 4 مئی کو لوڈ شیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان پر احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے تحت جلسے جلسوس کرنے پر پابندی عائد ہے ، پیپلز پارٹی نے کمشنر لاہور ڈویژن عبد اللہ خان سنبل اور ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید کو درخواست دی تھی جس میں چار مئی کو مینار پاکستان کے احاطے میں لوڈ شیڈنگ کے بحران کے خلاف پر امن احتجاج کے لئے اجازت طلب کی گئی تھی ۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز نوید چوہدری اور خرم لطیف سمیت دیگر پر مشتمل پیپلز پارٹی کی لیگل ٹیم نے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید سے ملاقات کی اور احتجاج کی اجازت اور سکیورٹی انتظامات کے لئے درخواست کی ۔

(جاری ہے)

تاہم ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید نے دفعہ 144کے نفاذ ہونے کے باعث احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں لیگل ٹیم نے 4مئی کے احتجاج کی اجازت نہ ملنے کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومتی ہتھکنڈے ہمارے احتجاج کو نہیں روک سکتے ، ہر صورت 4مئی کو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے ۔