پاک چین دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے، ہماری لازوال اوربے مثال دوستی دونوں ممالک کے علاوہ پورے خطے کیلئے مفید ہے، چینی قیادت اور عوام پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں

پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ کی ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 29 اپریل 2017 16:26

پاک چین دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے، ہماری لازوال اوربے مثال دوستی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہر امتحان میں پوری اتری ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہو گا، ہماری لازوال اوربے مثال دوستی دونوں ممالک کے علاوہ پورے خطے کیلئے مفید ہے، چینی قیادت اور عوام پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ چین کے سفیر نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل اور چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل سے ملاقات کے دوران کہی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب کاروائیاں کی ہیں جبکہ سی پیک کے پاکستان کے اقدامات سے ہم مطمئن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی چینی کمپنی کو پاکستان میں پرانی مشینری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح اقتصادی راہداری منصوبہ کے بجلی گھر کم ایندھن میں زیادہ پیداوار دینگے اور انکے ماحولیاتی اثرات بھی کم ہونگے۔

انھوں نے بتایا کہ سب سے پہلے نیشنل گرڈ میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر کے پاکستان میں توانائی کا بحران ختم کیا جا رہا ہے جس کے بعد انفراسٹرکچر کو ترقی دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری کیلئے ویزہ کا حصول سہل بنایا جا رہا ہے اور وفاقی چیمبر سے متعلقہ افراد کو ترجیحی بنیادوں پرویزا فراہم کیا جائے گا۔ پاکستانی بھائی چین میں ہونے والی نمائشوں اور دیگر تقریبات میں بھرپور شرکت کریں تاکہ تعلقات اور تجارت میں اضافہ ہو۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور دونوں ملک تعلقات کو تجارت سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں اسلئے کاروباری برادری کو پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ سے خوشحالی بڑھے گی جس سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئینگے۔ انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی بروقت تکمیل میں کسی چیز کو رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :