Live Updates

عمران خان کو رشوت کی پیشکش کا الزام ثابت ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، شہبازشریف

ہفتہ 29 اپریل 2017 15:58

عمران خان کو رشوت کی پیشکش کا الزام ثابت ہوگیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ عمران خان نے 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگایا ہے اگر ایک روپیہ بھی ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔یونیورسٹی آف سرگودھا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جلاوطنی میں سعودی عرب کے تعلیمی معیار کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا تو علم ہوا کہ وہاں والدین کو بچوں کی تعلیم کیلئے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا پڑتا بلکہ سعودی عرب میں تعلیم مفت جبکہ پڑھائی جاری رکھنے پر 200 ریال کا وظیفہ بھی ملتا ہے اسی دن سے عزم کیا کہ پاکستان میں بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دوں گا۔

شہبازشریف نے کہاکہ جب سے اقتدار سنبھالا اس وقت سے اللہ کے حکم کے مطابق حلال رزق ہی کما رہا ہوں اور عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کررکھا ہے تاہم سیاسی مخالفین طرح طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے ملک کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں مخالفین نے ہمیں سڑکیں بنانے اور میٹرو بس چلانے کا طعنہ دیا اور جب اس بھی دل نہ بھرا تو اب عمران خان نے مجھ پر 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام لگادیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے الزام کے خلاف پاکستان کی ہر عدالت میں جاؤں گا اور اگر میرے عدالت جانے کی وجہ سے میرے خاندان کے کسی فرد کا بھی نام آتا ہے تو مجھے پرواہ نہیں لیکن میں اپنی بے گناہی ثابت کروں گا اور اگر مجھ پر ایک روپے کا بھی الزام ثابت ہوگیا تو سب کے سامنے کہہ رہا ہوں کہ سیاست چھوڑ دوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :