سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات بہتر بنانا ہمارا مشن ہے، صوبائی وزیر صحت

ہفتہ 29 اپریل 2017 15:34

سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات بہتر بنانا ہمارا مشن ہے، ..
رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات بہتر بنانا ہمارا مشن ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا ویژن ہے کہ عوام کو بہتر و اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات سرکاری ہسپتالوں میں دستیا ب ہوں اور یہی وجہ ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار محکمہ صحت پنجاب کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں قومی و بین الاقوامی سطح کی صف اول کی دواساز کمپنیوں کی ادویات دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ اعلیٰ و جدید طبی سہولیات پر صرف اشرافیہ کا ہی حق نہیں بلکہ اس کے حقیقی وارث عوام ہیں اور اسی خدمت کے جذبہ کے تحت تمام سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ و جدید مشینری اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کی محکمہ صحت میں کوئی گنجائش نہیں‘ ایسے عناصر کو گھر جانا ہو گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تمام پسماندہ علاقوں کے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی ، ڈاکٹرز و سٹاف کی رہائش گاہوں سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیںگی۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال لیاقت پور میں جدید آئی مشین، وینٹی لیٹر کے استعمال نہ کرنے پر ایم ایس کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا کو انکوائری اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سقراط امان رانا کی بطور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان تعیناتی اس ضلع کی عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں وہ اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اداروں کی بہتری کے لئے اہم اقدامات اٹھائیںگے۔سیکرٹری صحت علی جان خان نے کہا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں خالی اسامیوں پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر کی سربراہی میں محکمہ صحت پنجاب کی خصوصی ٹیم خاص طور پر جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں کا دورہ کر رہی ہے تاکہ یہاں پر موجود مسائل کا فوری خاتمہ کرتے ہوئے ان ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :