پاکستانی سرحد کے قریب کارروائی،افغانستان میں داعش کاسربراہ ہلاک

امریکی فورسز کے آپریشن میں داعش کے کئی سرکردہ رہنماؤں سمیت 35 جنگجوبھی مارے گئے ،پینٹا گان

ہفتہ 29 اپریل 2017 15:06

پاکستانی سرحد کے قریب کارروائی،افغانستان میں داعش کاسربراہ ہلاک
واشنگٹن/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) امریکی محکمہ دفاع نے بتایا ہے کہ افغانستان میں داعش کا قائد عبدالحسیب لوگری امریکی فوج کے ایک آپریشن میں ہلاک ہو گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان نے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ پاکستانی سرحد کے قریب واقع صوبے ننگرہار میں کی جانے والی اس کارروائی کا ہدف عبدالحسیب لوگری تھا، جسے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگان) کی جانب سے افعانستان میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا سربراہ قرار دیا جاتا تھا۔

پینٹاگان کے ایک ترجمان کیپٹن جًیف ڈیوس نے کہاکہ ہمارا خیال ہے کہ ہم نے اٴْسے ہلاک کر دیا ہے لیکن ہمیں اس بات کا یقین ابھی نہیں ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے مطابق دو امریکی فوجی غالباً غلطی سے اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

(جاری ہے)

پینٹاگان کے ترجمان ڈیوس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی یہ آپریشن شروع ہوا، امریکی اور افغان فوجیوں کو فوری اور شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور ابتدائی لمحات ہی میں دو امریکی رینجرز جوشوا راجرز اور کیمرون تھامس گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے فائرنگ کا یہ تبادلہ تین گھنٹے تک جاری رہا اور اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ اس دوران شروع ہی میں ان دونوں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کن حالات میں ہوئی کیونکہ اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ یہ فوجی غالباً غلطی سے اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

ادھرافغانستان میں امریکی فورسز کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران ملک میں سرگرم ’اسلامک اسیٹ‘ کے کئی سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پینتیس سے زیادہ جنگجوؤں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔ ان فورسز کے مطابق اگر اس بات کی تصدیق ہو جاتی ہے کہ اس آپریشن میں عبدالحسیب لوگری بھی اپنے معاونین سمیت ماراگیا ہے تو ’افغانستان میں داعش کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئے گی اور 2017ء کے اندر اندر اس گروپ کو افغانستان میں مکمل طور پر تباہ کرنے کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :