وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈان لیکس انکوائری کمیٹی رپورٹ کی سفارشات کی منظوری دیدی ، روزنامہ ڈان ، ظفر عباس اور سرل المیڈا کا معاملہ آل پاکستان نیوزپیپرزسوسائٹی کے سپرد ،پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) راو تحسین علی کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز 1975کے قوانین کے مطابق کارروائی ہو گی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ان کا عہدہ واپس لے لیا جائے گا

ہفتہ 29 اپریل 2017 15:04

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈان لیکس انکوائری کمیٹی رپورٹ کی سفارشات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈان لیکس انکوائری کمیٹی رپورٹ کی سفارشات کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت روزنامہ ڈان ، ظفر عباس اور سرل المیڈا کا معاملہ آل پاکستان نیوزپیپرزسوسائٹی (اے پی این ایس ) کے سپرد کر دیا گیا،پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) راو تحسین علی کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز 1975کے قوانین کے مطابق کارروائی ہو گی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ان کا عہدہ واپس لے لیا جائے گا ۔

ہفتہ کو وزیر اعظم ہائوس سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نیڈان لیکس انکوائری کمیٹی رپورٹ پر غور کرتے ہوئے اس کے 18ویں پیرا کی منظوری دیدی ہے ۔ روزنامہ ڈان ، ظفر عباس اور سرل المیڈا کے کردارکا معاملہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی( اے پی این ایس )کے سپرد کر دیا گیا جو ان کے خلاف انضباطی کاروائی کرے گی ، اے پی این ایس سے کہا جائے گا کہ وہ پرنٹ میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق وضع کرے بالخصوص جب معاملہ پاکستان کی سلامتی سے متعلق ہو اور متعلقہ معاملہ سے متعلق کوئی رپورٹ ہو تو اس میں قومی اہمیت اور سلامتی میں صحافتی اور ادارتی اقدار کو مدنظر رکھا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) راو تحسین علی کے خلاف دی گئی فائنڈنگس پر ای اینڈ ڈی رولز 1975کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے خارجہ امور کاعہدہ واپس لے لیا جائے گا، اس ضمن میں ضروری نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔ ذمہ دار وں کے خلاف دیگر ضروری اقدامات متعلقہ وزارتیں اٹھائیں گی۔