’’کس عمر خان کینال سسٹم ‘‘پنجاب کے نہری نظام میں ایک خوشگوار اضافہ ثابت ہو گا

113 کلو میٹر طویل نہر سے 60 ہزار ایکڑ بارانی رقبہ سیراب ہو گا،وزیر آبپاشی

ہفتہ 29 اپریل 2017 13:28

’’کس عمر خان کینال سسٹم ‘‘پنجاب کے نہری نظام میں ایک خوشگوار اضافہ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا امانت اللہ خان شادی خیل نے کہا ہے کہ میانوالی کے بارانی علاقوں میں آبپاشی کی سہولت فراہم کرنے کے ’’کس عمر خان کینال سسٹم ‘‘ کی فزیبلٹی سٹڈی کی روشنی میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، کینال سسٹم کی باقاعدہ تعمیر آئندہ سال شروع ہو گی جس سے 60 ہزار ایکڑ رقبے کو سیراب کیا جاسکے گا، یہ بات انہوں نے محکمہ آبپاشی کے کمیٹی روم میں کس عمر خان کینال سسٹم کی فزیبلٹی سٹڈی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی،اجلاس میں اریگیشن کنسلٹنٹ ایم ایچ صدیقی ، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) شاہد سلیم چوہدری ، ڈپٹی سیکرٹری (ڈویلپمنٹ)عابد علاؤالدین، چیف انجینئر سرگودھا محمد اسلم تبسم ، ہیڈ پی ایم او بیراجز امجد سعید،ایگزیکٹو انجینئرمیانوالی تبریزاحمدکے علاوہ کنسلٹنٹ فرم کے نمائندگان نے شرکت کی،اس موقع پر صوبائی وزیر کو منصوبہ کے بارے میں مجوزہ ٹائم لائن سے آگاہ کیا گیا،اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ رواں برس 31 مئی تک فیلڈ سروے مکمل کر لیا جائیگا، 25 جولائی تک کینال کے لے آڈٹ کو حتمی شکل دے دی جائیگی ، 31 جولائی تک تازہ سروے کی روشنی میں اپ ڈیٹڈ فزبیلٹی رپورٹ تیا ر کر لی جائیگی جبکہ 31 اگست تک جیوٹیک انویسٹی گیشن کا عمل مکمل کیا جائیگا ،بعد ازاں 31 اکتوبر تک کینال سسٹم کے بیراج کی ڈیزائنگ کی جائیگی اور رواں برس کے آخر تک منصوبے کا پی سی ون تیا ر کر لیا جائیگا، صوبائی وزیر نے منصوبے کی ٹائم لائن پر اطمینان کااظہار کیا تا ہم انہوں نے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مجوزہ منصوبے سے کسان برادری کو جلد از جلد مستفید کیا جا سکے، انہوں نے مزید بتایا کہ 133 کلو میٹر طویل نہر کی تعمیر ضلع میانوالی کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا جس سے علاقے میں معاشی خوشحالی آئیگی ۔