حکومت کاشتکار کو خوشحال بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے ‘ رانا محمد ارشد

ہفتہ 29 اپریل 2017 13:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ حکومت کاشتکار کو خوشحال بنانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لارہی ہے ،پنجاب بھرمیں17 اپریل سے باردانہ کا اجراء اور20 اپریل سے گندم خریداری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور امسال 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم13 سو روپے فی من خریدی جائے گی،مڈل مین کی اجارہ داری ختم کرکے کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنائی جائے گی،ضلع خانیوال میں میں گندم خریداری کا ہد ف ایک لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میں گندم خریداری مہم کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خانیوال پولیس افسران و دیگر محکموں کے افسران بھع موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے ہدایت کی کہ میرٹ اور شفافیت پر مبنی طریقہ کار پر کسانوں کو باردانہ کا اجراء کیا جائے اور کسی کی حق تلفی نہ ہونے دی جائے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو ترجیحی بنیاد وںپر سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران ، کاشتکاروں کے نمائندے اور عوامی نمائندے سخت مانیٹرنگ کریں اور کسی خریداری مرکز پر بے قاعدگی کی صورت میں ٹال فری نمبر پر شکایت درج کی جائے تاکہ بے قاعدگی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خانیوال ضلع میں 14 گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔

کاشتکاروں کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ایک وقت میںپٹ سن بوری یا پراپلین بیگ کا اجراء کیا جارہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم خریداری مہم کو صاف شفاف بنانے اور کسانوں و کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلہ میں گندم خریداری مراکز پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جہاں محکمہ خوراک ، ضلعی انتظامیہ کا عملہ، نمائندہ کسان اور دیگر اداروں کے نمائندگان موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے امسال40 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے ۔جس کے تحت کسان و کاشتکاران سی1300 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی ۔انہو ں نے کہا کہ باردانہ کی تقسیم کا شفاف طریقہ کار بنایا گیا ہے اور مراکز گندم خریداری سے صبح7 بجے سے باردانہ کی فراہمی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے نگران عملہ کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا گندم خریداری مہم کے دوران پائی جانے والی خامیوں سے میڈیا آگاہ کرے تاکہ اس کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب کے ساتھ ساتھ پاسکو کے مراکز سے بھی گندم خریداری کی جائے گی۔بعد ازاں انہوں نے گندم خریداری مراکز کے بھی دورے کئے ۔

متعلقہ عنوان :