فاٹا میں عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے تین لاکھ 36ہزار 674 خاندان واپس اپنے علاقوں پر پہنچ گئے، اورکزئی اور کرم ایجنسی کے بے گھر افراد کی واپسی کا عمل مکمل

ہفتہ 29 اپریل 2017 12:47

فاٹا میں  عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے  تین لاکھ 36ہزار 674 خاندان واپس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات میں عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے تین لاکھ 36ہزار 674 خاندان واپس اپنے علاقوں پر پہنچ گئے ہیں جبکہ اورکزئی اور کرم ایجنسی کے بے گھر افراد کی واپسی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ایف ڈی ایم اے کے حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے عارضی طور پر بے گھر افراد کی تین لاکھ 36 ہزار 674 خاندان واپس اپنے اپنے علاقوں میں پہنچ گئے ہیں واپس جانے والوں میں شمالی وزیرستان و جنوبی وزیرستان ‘خیبر ایجنسی ‘اورکزئی ایجنسی اور کرم ایجنسی کے عارضی طور پر بے گھر افراد شامل ہیں تاہم اورکزئی ایجنسی اور کرم ایجنسی کے بے گھر افراد کی واپسی کا عمل مکمل ہوگیا ہے حکام کے مطابق عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی کا چوتھا مرحلہ اختتام پذیر ہونے کو ہے جبکہ 21 ہزار 289خاندانوں نے واپس اپنے علاقہ جات میں ابھی جانا ہے۔

(جاری ہے)

واپس جانے والے بے گھر افراد کو 25ہزار روپے کیش گرانٹ جبکہ دس ہزار روپے بذریعہ موبائل سم ادا کئے گئے ۔ حکام کے مطابق اپنے علاقوں میں واپس جانے والے خاندانوں کو ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے چھ ماہ کا مفت راشن فراہم کیاجارہاہے جبکہ عارضی رہائش کے لئے خیمے اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیاء جن میں برتن چٹایاں شامل ہیں این جی اوز کی طرف سے فراہم کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :