گھوٹکی ضلع میں پروانشنل بلڈنگس اورہائی وے کی اسکیموں پرپیشرفت نہ ہونے پرکمشنر سکھر کا اظہار برہمی

ہفتہ 29 اپریل 2017 02:20

سکھر۔ 28اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ضلع گھوٹکی میں بھی پروانشنل ہائی وے اور پراونشنل بلڈنگس محکموںکی ترقیاتی اسکیموں اور مرمتی کاموں میں پیش رفت نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی اسکیموں کے لیے آئے ہوئے پیسے خرچ نہ کرنے والے ایگزیکیوٹو انجینئرز کیخلاف کارروائی کے لیے چیف سیکریٹری کو لکھا جائیگا۔

جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اپنے آفس کے کمیٹی روم میں گھوٹکی ضلع میں جاری اور نئی ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت کے جائیزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن کا کہنا تھا کہ ا نجینئرز کیجانب سے ترقیاتی اسکیموں پر رقم خرچ نہ کرنے اور کاموں میں پیش رفت نہ کرنے کے باعث حکومت کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں اور ایم اینڈ آر کاموں کے لیے آئی ہوئی رقوم کو خرچ کرنے کے لیے ٹینڈر اور ورک آرڈر بروقت جاری کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ ترقیاتی اسکیموں کی ادائیگی مانیٹرنگ کمیٹیوں کو مکمل نگرانی اور چیکنگ بعد کی جائے ، جبکہ کسی بھی ٹیھکیدار کو ایڈوانس ادائیگی ہرگزنہ کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پروانشنل بلڈنگس اور پراونشنل ہائی وے کی کارکردگی افسوسناک ہے ، متعلقہ افسران اور انجنیئرز کے خلاف چیف سیکریٹری سمیت دیگراعلیٰ حکام کو لکھا جائیگا۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے ہدایت کی کہ انجینئرز اسکیموں کو بنانے اور ترقیاتی کاموں میں پیشہ وارنہ ذمہ داریوں کا مظاہرہ کریں جس سے ترقیاتی اسکیموں میںپیش رفت ہو سکے گی اورکاموں کا معیار بھی بہتر ہوگا، اس سلسلے میں کسی بھی مداخلت یا دبائو کو برداشت نہ کیا جائے۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے پراونشنل بلڈنگس اور ہائی وے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموںکے انجینئر ز اسکیموں پر پیش رفت نہ ہونے کے برابر ہے ، اکتوبر 2016ء سے اسکیموں کے پیسے آگئے ہیں مگر ابھی تک انجینئرز نے ترقیاتی کاموں میں پیش رفت نہیں دکھائی ہے جس پر ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ڈی سی گھوٹکی نے مزید بتایا کہ ضلع گھوٹکی میں محکمہ جنگلات کی جانب سے قومی شاہراہ پر شجرکاری کی اسکیم پر 60فیصد کام ہوچکا ہے اور اسکیم جون تک مکمل ہوجائیگی۔