عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں ،قوم پرستوں نے عوام میں نفرتوں کے بیج بوئے ،اپنی جیبیں بھرکر بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے،حاجی علی مدد جتک

بھٹکے ہوئے لوگ پہاڑوں سے اتر کر قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک اورقوم کی خدمت کریں،صدر پیپلز پارٹی بلوچستان و دیگر کا عشائیے سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 23:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں قوم پرستوں نے عوام میں نفرتوں کے بیج بوئے اور اپنی جیبیں بھرکر بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے بھٹکے ہوئے لوگ پہاڑوں سے اتر کر قومی دھارے میں شامل ہوکر ملک اورقوم کی خدمت کریںبے حس حکمران اپنے مفاد کیلئے کونے کونے میں جاسکتے ہیں لیکن سریاب میں 10دنوں سے بیٹھے پیرامیڈیکل اسٹاف کے رہنماوں سے مذاکرات نہیں کرسکتے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کی رات پیپلز پارٹی کے اقلیتی رہنما و سابق صوبائی وزیر جعفر جارج کی جانب سے پی پی پی کی صوبائی قیادت کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ، سیکڑٹری اطلاعات سردارسربلندجوگیزئی ، جعفرجارج اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ مودی کے یار سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں سی پیک کو ناکام بنانے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا یہ منصوبہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کو مضبوط اور ملک سے بے روزگاری کے خاتمے کا منصوبہ ہے اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے پاس حکومت تو ہے لیکن اصل عوامی طاقت ہمارے ساتھ ہے بلوچستان میں قوم پرستوں نے لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا 67سال گزرنے کے باوجود ہمارے نوجوان غلط راستے پر بھٹک رہے ہیں انہیں پہاڑوں پر بھیج دیا گیامیں پہاڑوں پر جانے والوں اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ دوسروں کے ٹکڑوں پر پلنا چھوڑ دیں آخر کب تک وہ دوسرے ملکوں میں بیٹھ کر اپنے ہی ملک کے خلاف کام کریں گے وہ آئیں اور پاکستان کا جھنڈا بلند کریں اور سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبے سے فائدہ اٹھائیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ میں پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے بدامنی ،بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ اپنے عروج پر ہے صوبے کے غریب زمینداروں کی زراعت تباہ ہو کررہ گئی ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کا بالکل احساس نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب نوابوں ،سرداروں کا دور ختم ہوگا آنے والے وقت میں پی پی پی کا جیالا وزیراعلیٰ اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہونگے اور بلوچستان میں کوئی مخلوط حکومت نہیں بنے گی بلوچستان پیپلز پارٹی کا مرکز بنے گا۔

صو بائی جنرل سیکڑٹری سیداقبال شاہ نے کہا کہ بلوچستان خصوصا ً کوئٹہ جیالوں کا گھر ہے ایک بار پھر بلوچستان کی سڑکوں پر جیئے بھٹو کے نعرے بلند ہورہے ہیںنام نہاد لیڈر جیل جاکر مچھروں سے گھبرا کر بیرون ملک بھاگ گئے اور کچھ بنی گالہ میں چھپ گئے لیکن ہمارے کارکنوں اور لیڈروں نے جیلیں کاٹیں اور حتیٰ کہ پھانسی کے پھندے کو قبول لیا لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیاہمارے کارکنوں کی تربیت عوام کے حقوق کیلئے کی گئی ہے نہ کہ ذاتی مفادات کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی لسانیت ،مذہب ،قومیت سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ماضی میں ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں اب بھی کہا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے لیکن یہ لوگوں کی غلط فہمی ہے پیپلزپارٹی کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،آغاز حقوق بلوچستان پیکج سمیت صوبے کیلئے کئی بڑے منصوبے شروع کئے گئے جس سے لوگوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا ۔

جعفر جارج نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں عوام کی بڑی تعداد میں شمولیت سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پیپلزپارٹی ہی بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی واحد نمائندہ جماعت ہے پاکستان میں عدم برداشت کا ماحول اور معاشی بدحالی پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے غریبوں کو موت کی نیند سلایا جارہا ہے آج ہر انسان روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگارہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو بھی دوہرے ووٹ کا حق دیا جائے تاکہ وہ اپنے نمائندے خود منتخب کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :