19 مئی کو کوئٹہ میں ہونیوالا استعفیٰ دو جلسہ نواز شریف کیخلاف کھلی عوامی چارج شیٹ ہوگی،سردار یارمحمد رند

پانامہ لیکس میں وزیراعظم اقتدار کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ،آئین پاکستان کے مطابق وہ صادق اور امین نہیں رہے ،عوامی طاقت سے انہیں ایوان اقتدار سے نکال باہر کریں گے ، صدر پی ٹی آئی بلوچستان

جمعہ 28 اپریل 2017 23:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ 19 مئی کو بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں ہونے والا استعفیٰ دو جلسہ نواز شریف کے خلاف کھلی عوامی چارج شیٹ ہوگی پانامہ لیکس میں نواز شریف اقتدار کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے آئین پاکستان کے مطابق وہ صادق اور امین نہیں رہے ،عوامی طاقت سے اب انہیں ایوان اقتدار سے نکال باہر کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی بلوچستان کے سئینر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سردار رند نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر نواز شریف اینڈ کمپنی کی کرپشن آشکار ہو چکی ہے پیپلز پارٹی اور نون لیگ اقتدار پر مستقل برجمان رہنے کے لئے چوہے بلی کا کھیل کھیلتے رہے ہیں اور دونوں جماعتوں نے ہمیشہ فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کر کے حقیقی عوامی مسائل سے راہ فرار اختیار کی کیا پی ٹی آئی نے ملک کی سیاست میں عوامی شعور کو اجاگر کر کے دونوں جماعتوں کی کرپشن کو منظر عام پر لایا اور سیاسی ایوانوں کے وائیٹ کالر کریمنلز کی حقیقت عوام پر واضح کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے کرپٹ عناصر کو مسترد کردیا ہے اور یہاں کا بچہ بچہ مذہب اور قوم پرستی کی آڑ میں سیاست کرنے والوں کی اصلیت سے آگاہ ہو چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف خود استعفیٰ دینے کو تیار نہیں اس لئے نواز شریف استعفیٰ دو تحریک کا آغاز کیا گیا ہے ،19 مئی کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ تاریخ ساز و فیصلہ کن نتائج کا حامل ثابت ہو گا ۔