بہائی کمیونٹی کو عید رضوان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس ملک کی سلامتی اور اسے بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے ہم سب نے ملکر کام کرنا ہے

وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات کا بہائی کمیونٹی کے مذہبی تہوار عید رضوان کے موقع پر تقریب سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 23:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) وزیر مملکت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے بہائی کمیونٹی کو عید رضوان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور اس ملک کی سلامتی اور اسے بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے ہم سب نے ملکر کام کرنا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام جمعہ کو یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ بہائی کمیونٹی کے مذہبی تہوار عید رضوان کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ میں اپنی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے بہائی کمیونٹی کو ان کے مذہبی تہوار کی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ادیان امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہائی کمیونٹی کے روحانی پیشوا کی دو صدسالہ تقریبات بھی اسی سال منعقد ہونے جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت سے درخواست کروں گا کہ بہائی کمیونٹی کے اس دن کی تقریب کو ایوان صدر میں منعقد کیا جائے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم نے اسے انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے بحرانوں سے نجات دلانی ہے اور پوری دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ ہم سب پاکستانی ایک پرامن قوم ہیں، ملک میں بسنے والے تمام ادیان کے ماننے والوں سے التماس ہے کہ آئیں ملکر اس چمن کی بہاروں کو جلا بخشیں اور وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام اور اس کی خوشحالی کیلئے دن رات کوشاں ہوں۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخلوق خدا کا درد رکھنے والے انسان اللہ کے قریب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی عبادات کے دوران ظاہری تطہیر کے ساتھ ساتھ باطن کو بھی پاک کرنا ہے اور انسانیت کا احترام کرتے ہوئے اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کے تہوار سرکاری طور پر مناتی ہے جس پر وزیر مذہبی امور، وزیر مملکت اور وزارت کے ذمہ داران لائق خراج تحسین ہیں۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ بہائی کمیونٹی کو ان کے مذہبی تہوار عیدرضوان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مسلم برادری کو بھی ان کے آمدہ ماہ رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ایک برکت اور فضیلت والا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتیں قابل احترام ہیں لیکن چند عناصر اس ملک کو بدامنی سے دوچار کرنا چاہتے ہیں جس کی تمام مذاہب کے لوگوں کو نفی کرنی ہے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بننے والی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ بھی اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے، امن ، محبت اور بھائی چارے کی فضاء کے قیام کیلئے ایسے پروگراموں کو اپنی نشریات کا حصہ بنائیں جو امن، محبت اور رواداری کے عکاس ہوتے ہیں۔ انہوں نے تقریب کے دوران سبق آموز ٹیبلوز پیش کرنے پر بہائی کمیونٹی کے نوجوانوں کو مبارکباد دی۔ رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے بھی اس موقع پر اپنے خطاب میں بہائی کمیونٹی کو عیدرضوان کی مبارکباد دی اور وزارت مذہبی امور کی اس تہوار کو سرکاری طور پر منانے کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ملک میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کیلئے اپنا موثر کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر بہائی کمیونٹی کے رہنما پروفیسر مہر داد یوسف نے اپنی کمیونٹی کی جانب سے تمام شرکاء کو اور خاص طور پر وزارت مذہبی امور کے حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے اس تہوار کو سرکاری طور پر منانے کیلئے تعاون فراہم کیا۔

قبل ازیں بہائی کمیونٹی کے رہنما سارسان نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں عیدرضوان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈا لی اور کہا کہ بہائی مذہب کی تعلیمات امن، آتشی اور اتحاد بین الدیان کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال 2017ء میں بہائی کمیونٹی کے دو تہوار منائے جا رہے ہیں اس لئے یہ سال ہمارے لئے باعث برکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہائی کمیونٹی کے روحانی پیشوا کی دو صدسالہ جشن کی تقریبات 22 اکتوبر کو منائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وزارت مذہبی امور کے شکر گزار ہیں جو تمام مذاہب کو مساوی وقت اور وسائل فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنے مذہبی تہوار منا سکیں۔

متعلقہ عنوان :