پشتونخوامیپ نے پشتونخوا وطن کے عوام کو درپیش ہر مسئلے پر بروقت ادراک کرتے ہوئے انکے حل کیلئے آواز بلند اور ہر قسم کی قربانی دی ہے ، سینیٹر عبدالرئوف ودیگر

جمعہ 28 اپریل 2017 23:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) پشتونخوامیپ نے پشتونخوا وطن کے عوام کو درپیش ہر مسئلے پر بروقت ادراک کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے آواز بلند کی ہے اور ہر قسم کی قربانی دی ہے ۔ پشتونخوامیپ نے پشتونخوا وطن کی وحدت ، قومی تشخص کی بحالی ، قومی واک واختیار کے حصول مادری زبانوں کو قومی زبان کا درجہ دلانے ، قومی برابری ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین وقانون کی حکمرانی کی جدوجہد کو عام کرنے اور ملک کے جمہوری قوتوں کو ان نکات پر متحدکرنے میں ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتون باغ دوئم علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام شمولیتی اجتماع کے موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سابق سینیٹر عبدالرئوف خان ، پارٹی کے صوبائی کمیٹی کے رکن و رکن صوبائی اسمبلی منظور احمد خان کاکڑ، ضلعی کوئٹہ کے ڈپٹی سیکرٹریز رحمت اللہ صابر ، ولی بریالی ،کونسلر خالد خان اچکزئی اور علاقائی سیکرٹری نعیم خان پیرعلیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حاجی نصراللہ آکا ،حاجی گل خان آکا، حاجی نور محمد آکا ، حاجی رحمت اللہ اور حاجی شیر محمد کی قیادت میں 134افراد نے مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پشتونخوامیپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے نئے شامل ہونیوالوں کو دل کی گہراہیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی بروقت شمولیت سے پشتونخوامیپ اور پشتون قومی تحریک کو مزید تقویت حاصل ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کی نڈر قیادت ، پارٹی کے بلا امتیاز عوامی خدمت اور پشتونخوا وطن میں سیاسی بیداری اور قومی دلیری کی لہر کو پیدا کرکے قوم کوامن ، ترقی اورخوشحالی کی جدوجہد کی راہ پر متعین کیا ہے ۔جس کے بدولت پشتونخوا وطن کے غیور عوام جوق در جوق پشتونخوامیپ میںشمولیت کا اعلان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے قوم کے حقوق واختیارات کے حصول کی جدوجہد میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور یہاں عوام کو ووٹ کا حق دلانے اور انہیں جمہوری اثرات سے بہرمند کرنے کاسہرا بھی خان شہیدعبدالصمد خان اچکزئی کی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اور اس کے ممبران اسمبلی نے اپنی زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کررکھی ہے ۔ زندگی کاہر شعبہ ہو ہمارے پارٹی رہنماء اور کارکن دن رات عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھ کر اس پر مامور ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے عوام کا اعتماد دن بدن اپنی قومی پارٹی اور ممبران اسمبلی پر بڑھتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت اور حلقے ایسی صورتحال میں ملے کہ جب علاقے تباہی وبربادی اور محکمہ بدحالی کا شکار تھے ۔

نظم وضبط نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی تھی ان حالات میں شب وروز محنت کی بدولت ہم نے اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے جس کے اثرات آج سب پر اشکار ہورہے ہیں۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے تعلیم اور صحت کی طرف سب سے زیادہ توجہ دی یہی وجہ ہے کہ ان علاقوں میں جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک بھی سکول قائم نہیں تھا ہم نے درجنوں سکول قائم کیئے ۔

اور مجموعی طور پر صوبے میں سینکڑوں کی تعداد میں نئے پرائمری سکول کا قیام عمل میں لایا گیا ، پرائمری سکول کو مڈل جبکہ مڈل سکول کو اپ گریڈ کرکے ہائی کا درجہ دیا گیا ۔ 5ہزار سے زائد اساتذہ کی تقرری بذریعہ NTSمکمل میرٹ سے کی جس کی بدولت ایسے غریب ، نادار لیکن اہل نوجوان بھرتی ہوئے جن کا کوئی سفارشی نہ تھا اور دوسری طرف محکمہ اور ہمارے علاقوں کو اہل ٹیچرز دستیاب ہوئے اگر چہ اس سے قبل یہ روایات ودستور رہا تھا کہ ہمیشہ اپنے پارٹی کے کارکنوں کو ٹیچر ز بھرتی کرکے نوازا جاتا تھا ۔

جس کی بدولت اس محکمہ کو اہل ٹیچرز بہت کم ملے ۔ جس کا خمیازہ ہمارے عوام کو برداشت کرنا پڑا کہ کروڑوں اربوں روپے دینے کے باوجود ہمارے عوام کا تعلیم اور صحت کے محکموں پر کوئی اعتماد نہیں رہا تھا۔ لیکن اب اس کے اثرات آنیوالے سالوں میں نمودار ہونگے اس پر ہمارے عوام کو پشتونخوامیپ کو کریڈٹ دینا ہوگا اس کے علاوہ ہماری ترجیحات میں آبنوشی کے سکیمات ، سڑکوں کی تعمیراور دیگر بنیادی مسائل رہے ہیں۔

پشتونخوامیپ اور اس کے ممبران اسمبلی اپنے عوام کے سامنے ہر وقت احتساب کیلئے تیار ہیں البتہ گزشتہ ادوار کی لاپرواہیوں اور بے انتہا کرپشن کی بدولت بدحالی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمارے کارکردگی کو دیکھنا ہوگا کہ چار پانچ سالوںمیں کئی دہائیوں کی کوتاہیوں کو کیسے درست کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ اب بھی اصلاحات کی بہت سے مواقع ہے لیکن اس کیلئے پارٹی کو اپنے عوام کا اعتماد لازمی درکار ہوگاکیونکہ ہماری پارٹی ان ہی عوام میں سے ہے اور اسی عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتی ہے۔