پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے بلوچستان حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد 33 ویں نیشنل گیمز کے شیڈول کا اعلان کر دیا

جمعہ 28 اپریل 2017 23:28

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد کی بلوچستان حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد 33 ویں نیشنل گیمز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ میگا ایونٹ 7 سے 14 اکتوبر تک کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن، نائب صدر پی او اے چوہدری محمد یعقوب، سیکرٹری پی او اے محمد خالد محمود نے گذشتہ روز کوئٹہ میں صوبائی وزیر کھیل بلوچستان سردار فتح محمد حسانی، سیکرٹری سپورٹس بلوچستان عصمت کاکڑ اور ڈی جی سپورٹس بلوچستان منور حسین سے 33 ویں نیشنل گیمز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ملاقات کی۔

اس موقع پر طے پایا کہ نیشنل گیمز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونگی۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس بلوچستان مئی کے پہلے ہفتے میں پی او اے ہیڈ کوارٹر لاہور میں سیکرٹری خالد محمود کے ساتھ ملکر میگا ایونٹ کے معاملات کو طے کرینگے۔ اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ نیشنل گیمز کے ایونٹس کی تعداد اور ٹیکنیکل آفیشلز کے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے اسلامک سالیڈیرٹی گیمز کے بعد لاہور میں کھیلوں کی تنظیموں کے سیکرٹریز کی میٹنگ ہوگی۔

صوبائی وزیر کھیل بلوچستان اور صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اس پر بریفنگ دینگے۔ اکتوبر میں منعقد ہونے والی ان گیمز کے مردوں کے ایونٹس میں آرچری، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، بیس بال، باسکٹ بال، باکسنگ، باڈی بلڈنگ، فٹبال، گالف، جمناسٹک، ہینڈ بال، ہاکی، جوجسٹو، کبڈی، کراٹے، روئنگ، رگبی، شوٹنگ، سیلنگ، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، ٹگ آف وار، والی بال، ویٹ لیفٹنگ، ریسلنگ اور ووشو شامل ہیں۔

سائیکلنگ اور جوڈو کے مردوں اور خواتین کے ایونٹس کی شرکت دونوں کھیلوں کی تنظیموں کی جانب سے پی او اے کے خلاف عدالتوں سے کیس واپس لینے اور پی او اے آئین کو تسلیم کرنے سے مشروط ہے۔ خواتین کے ایونٹس میں آرچری، اتھلیکٹس، بیڈمنٹن، بیس بال، باسکٹ بال، گالف، ہینڈ بال، ہاکی، جوجسٹو، کراٹے، روئنگ، رگبی، شوٹنگ، سیلنگ، سوفٹ بال، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، والی بال، ویٹ لیفٹنگ اور ووشو شامل ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ان گیمز کو کامیاب بنانے اور بلوچستان کے نوجوان اور عوام کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔