پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

اراکین اسمبلی کاپارلیمانی سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے جوابات پر عدم اطمینان کا اظہار

جمعہ 28 اپریل 2017 23:17

پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا ،اراکین اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ملک محمد علی کھوکھر کے جوابات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے رہے ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعہ کے روز بھی اپنے ایک مقررہ وقت نو بجے کی بجائے ایک گھنٹہ15منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔

تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ؐ کے بعد وقفہ سوالات کا آغاز ہی ہوا تھاکہ پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر مراد راس نے کورم کی نشاندہی کردی اور تعداد پوری نہ ہونے پر سپیکر نے اجلاس 20منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔ تقریباً ایک گھنٹے کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو کورم پورا تھا ۔

(جاری ہے)

حکمران جماعت کے رکن ملک محمد ارشد ایڈووکیٹ کے موخر شدہ سوال کا جواب گزشتہ روز بھی درست نہ تھا جس پر سپیکر نے پارلیمانی سیکرٹری سے استفسار کرتے ہوئے محرک کو جواب سے مطمئن کی ہدایت کی ۔

رکن اسمبلی طارق باجوہ کے سوال کا جواب تسلی بخش نہ ہونے پر سپیکر نے ان کا سوال موخر کردیا اور محکمہ کوآئندہ اجلاس میں مکمل اور صحیح جواب دینے کی ہدایت کی ۔پارلیمانی سیکرٹری حکومتی رکن اسمبلی ملک محمد ارشد کے ایک اور سوال کا جواب بھی نہ دے سکے جس پر سپیکر نے سوال کومتعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔سپیکر نے حکومتی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کا سوال بھی غیر تسلی بخش جواب کی وجہ سے موخر کردیا ۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے میڈیا ورکرز کی حمایت میں ایک قرارداد پیش کرنا چاہی تاہم احس ریاض فتیانہ نے کورم کی نشاندہی کردی اور کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے قرارداد پیش نہ کی جا سکی اور سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔