قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرینگے ،گورنر سندھ اور وفاقی وزیر داخلہ

کراچی کے شہری امن و امان کے قیام میں رینجرز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آپریشن جاری رہیگا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کوکسی صورت ضائع نہیں ہو نے دینگے، ملاقات میں عزم کا اعادہ

جمعہ 28 اپریل 2017 23:13

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرینگے ،گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ، جاری آپریشن ، اس ضمن میں وفاقی حکومت کے تعاون اورصوبہ سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبہ سے ہر قسم کے جرائم کے خاتمہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اس ضمن میں کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا ۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ امن و امان ہی خوشحال و ترقی یافتہ صوبہ کی ضمانت ہے امن و امان کے قیام اور استحکام کے لئے بلا تفریق و دبائو کارروائی جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں گورنر اور وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دیں جنھیں کسی صورت ضائع نہیں ہو نے دینگے ، اداروں کو قانونی و آئینی سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی تاکہ ادارے بلا کسی دبائو کے اپنا کام جاری رکھ سکیں جبکہ کراچی کے شہری امن و امان کے قیام میں رینجرز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام میں بہتری آرہی ہے جس سے معاشی ، سماجی ، اقتصادی ، ادبی ، ثقافتی اور سیاسی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری ہیں جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے نجی سیکٹر کے فعال کردار سے روزگار کے وسیع مواقعوں کی دستیابی بھی یقینی ہے ۔