Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے بے لگام صوبے کو بہترین اور خوش اسلوب طرز حکمرانی میں بدل دیا ہے،پرویزخٹک

صوبے میں نظام کی تبدیلی کو صرف چہروں کی تبدیلی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے،ہم نے قانون سازی کرکے اس نظام کے استحکام ،تسلسل کو بھی یقینی بنادیا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 28 اپریل 2017 23:11

پاکستان تحریک انصاف نے بے لگام صوبے کو بہترین اور خوش اسلوب طرز حکمرانی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پر ویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بے لگام صوبے کو بہترین اور خوش اسلوب طرز حکمرانی میں بدل دیا ہے ۔ عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق مثبت تبدیلی کیلئے نظر آنے والے اقدامات کئے ہیں۔جس نے صوبے میں مضبوط مالی نظم و ضبط قائم کرکے وسائل اور اختیارات کے غلط استعمال کو روکا ہے، کرپشن اور بے ضابطگیوں کی حوصلہ شکنی کی ۔

وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا، قانون کی حکمرانی قائم کی اور صوبے میں میرٹ پر فیصلہ سازی کو فروغ دیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں مختلف وفود سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اورخدمات کی ڈیلیوری کیلئے خود کار طریقہ کار وضع کرنے کیلئے قابل عمل اصلاحات لائیں۔

(جاری ہے)

ان اقدامات نے لوگوں کی حکومت کے بارے میں سوچ کو بد ل دیا ہے اور عوام نے محسوس کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صوبے میں بہترین حکمرانی کیلئے درست سمت میں جار ہی ہے ایک ایسا صوبہ جوماضی کی بد ترین حکمرانی کی وجہ سے ایک بے لگام اور حکمرانی کے لحاظ سے ایک ناکام وفاقی یونٹ بن چکا تھا۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں نظام کی تبدیلی کو صرف چہروں کی تبدیلی کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیئے۔

ہم نے قانون سازی کرکے اس نظام کے استحکام اور تسلسل کو بھی یقینی بنادیا ہے ۔اس نظام کو آئندہ اثر و رسوخ رکھنے والے لوگ اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے تبدیل نہیں کر سکیں گے۔اگر کسی نے دوبارہ سٹیٹس کو لانے کی کوشش کی تو اُس کے ہاتھ جل جائیں گے ۔ کوئی بھی شخص اس سلسلے میں کامیاب نہیں ہو گا کیونکہ ہمارے تبدیل شدہ نظام کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔

اگر ہم ایک بے لگام اور تباہ حال صوبے کو ٹھیک کر سکتے ہیں تو پاکستان میں بھی بہترین طرز حکمرانی کا نظام قائم کر سکتے ہیں۔انہوںنے عوام سے کہاکہ وہ اس تبدیل شدہ نظام کی خود حفاظت کریں ۔یہ ایک شفاف نظام ہے جو حقدار کے حق کی حفاظت کرتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے نظام کی وجہ سے اب تعلیم یافتہ اور ماہر لوگ صوبے میں واپس آرہے ہیں جبکہ ماضی کے کرپٹ ترین نظام اور ناانصافیوں کی وجہ سے ہمارا اعلیٰ ترین دماغ باہر منتقل ہو رہا تھا۔

ہمارے اقدامات کی وجہ سے عوام کا اعتماد بحال ہوااور لوگ صوبے میں واپس آرہے ہیں۔ انہوںنے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات، تنخواہوں میں اضافے اور آسامیوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی بات کی اور کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کی غرض سے ڈیلیوری سسٹم کی بہتری کیلئے یہ اقدامات انتہائی ناگزیر تھے ۔پرویز خٹک نے واضح کیاکہ اصلاحات کا مذکورہ عمل اور قانون سازی اگرچہ ایک مشکل کام تھا مگر انہوںنے اس کو ایک چیلنج کے طورپر لیا اور کر دکھایااور عوامی مفاد میں اداروں کی مضبوطی ، شفافیت اور وسائل کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنایا ۔

وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت اور سابقہ حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ آج کا خیبرپختونخوا کل (گزشتہ) کے خیبرپختونخوا سے بہت بہتر ہے۔تحریک انصاف نے صوبے کی ایک نئی تاریخ کا آغاز کیا ہے۔عوام دوست طرز حکمرانی کو متعارف کرایا۔ مقامی حکومتوں کے نظام کے ذریعے وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی یقینی بنائی اور مقامی حکومتوں کے نظام کو بااختیار بنایا تاکہ لوگ اپنی ترقی خود پلان کر سکیں۔

لوکل کونسل سسٹم اور اس کے منتخب نمائندوں کو اپنے اختیارات اور وسائل کو سمجھنا چاہیئے اور اُنہیں عوام کی فلاح وبہبود میں استعمال کریں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ منتخب عوامی نمائندے تبدیلی کے صحیح مفہوم کو سمجھیں اور اس تبدیلی کی وجہ سے مثبت اثرات اور نتائج کو سمجھیں انہوںنے کہاکہ اُن کی حکومت نے تبدیلی کو اپنے منشور کا حصہ بنایا اور خوش اسلوبی کے ساتھ اس کا نفاذ عمل میں لایا ۔

انہوںنے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سے کہاکہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں مقامی سطح پر تنظیمی کمزوریاں دور کریںتاکہ وہ سماجی برائیوں کے خلاف لوگوں کو منظم کرسکیںاورمعاشرے میں اپنی ذمہ داری اور حقوق کے بارے میں سمجھ بوجھ پیدا کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تبدیلی کو ایک مستقل اور مسلسل عمل کے طورپر دیکھنا چاہئے اور نچلی سطح پر لوگوں کو تبدیلی کیلئے تیار رکھنا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات