ایرانی سرحدی محافظوں کو ہلاک کرنے والوں کو جلد گرفتار کیا جائے ، ایران

ہم اپنے دوست ملک کے استحکام ، سکیورٹی اور ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں ،صدر حسن روحانی کچھ ممالک دہشت گردوں کو استعمال کر کے اسلامی ممالک میں تشدد، عدم استحکام، غربت اور پسماندگی لانا چاہتے ہیں ، ایرانی صدر کا وزیراعظم نواز شریف کے نام پیغام

جمعہ 28 اپریل 2017 23:09

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی سرحدی محافظوں کو ہلاک کرنے والے حملہ آوروں کو جلد گرفتار کیا جائے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے نام ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایران اپنے دوست ملک کے استحکام، سکیورٹی اور ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے خطے میں پراکسی وارز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا 'بدقسمتی سے کچھ ممالک پراکسی وار کے ذریعے اسلامی ممالک میں یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

کچھ ممالک دہشت گردوں کو استعمال کر کے اسلامی ممالک میں تشدد، عدم استحکام، غربت اور پسماندگی لانا چاہتے ہیں۔'انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'بھرتی کیے گئے دہشت گردوں' کے ہاتھوں سرحدی محافظوں کی ہلاکت پر افسوس ہے کہ جو حملے کرنے کے لیے پاکستان کی زمین استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حسن روحانی نے پیغام میں کہا ہے کہ ایران نے اپنی سرزمین کو کبھی ہمسایہ ممالک بشمول پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا۔'لیکن شدت پسندوں نے کئی بار پاکستان کی جانب سے ایرانی سرحدی محفظوں پر حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں کئی محافظ اور شہری ہلاک ہوئے ہیں'۔صدر روحانی نے مزید کہا کہ 'پاکستانی حکام نے بار ہا سرحد پر کنٹرول مزید سخت کرنے کی یقین دہانیاں کروائیں لیکن اس کے باوجود حملے جاری ہیں۔'۔