حکمرانوں کی ناقص کارکردگی کے سبب ملک توانائی کے بڑے بحران سے دوچار اور قومی اداروں پر ریاستی گرفت کمزور ہو رہی ہے

حکومت نے لوڈشیڈنگ، اوربلنگ اور بھاری جرمانوں کا سلسلہ ختم نہ کیا تو احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے لوڈ شیڈنگ کے خلاف لیسکو ہیڈ آفس کے باہر عوامی احتجاجی مظاہرے سے لیاقت بلوچ، ذکر اللہ مجاہد و دیگر کا خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 23:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو لوڈشیڈنگ ، کرپشن اور موجودہ حکومت کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے جماعت اسلامی رائے عامہ ہموار کرنے اور نااہل حکومت کے خلاف قوم کو متحد کرنے کے لیے ایک بڑی تحریک کا آغاز کر رہی ہے کیونکہ ناقص حکومتی کارکردگی کے سبب قوم پریشان اور ملک انتشار کا شکا ر ہے ۔

ان حالات میں جماعت اسلامی خاموش نہیں رہ سکتی۔ عوامی احتجاجی مظاہرے میں امیر جماعت اسلامی لاہو رذکر اللہ مجاہد ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی ، چوہدری محمود الاحد ، صد ر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، امراء علاقہ جات ، عبدالرشید مرزر ، خالد بٹ ، رہنماء جماعت اسلامی لاہور خلیق احمد بٹ، ملک منیر ، عابد میر بٹ اورد یگرقائدین اور ہزاروں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ لیاقت بلوچ نے بتایا کہ 2013 ء میں بجلی کا شارٹ فال جو پانچ ہزار میگاواٹ تھا ، آج بڑھ کر چھ ہزار میگاواٹ ہوچکاہے اور طلب بڑھ کر 23 ہزار میگاواٹ ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اصولی طور پر خریدی جانے والی بجلی ایک ارب چھتیس کروڑ کی بنتی ہے جبکہ حکومت بجلی کمپنیوں کو ساڑھے چار ارب روپے روزانہ ادا کر رہی ہے اس طرح روز تین ارب روپے کا ملک کو نقصان ہورہاہے ۔

اس سے بڑی نااہلی ، بے حسی اور عوام کے ساتھ زیادتی اور کیا ہوسکتی ہے ۔ بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کو ٹھیک کرنے اور بجلی چوری روکنے کی بجائے حکومت کا سارا زور جھوٹے نعروں اور دعوئوں پر صرف ہورہاہے ۔ نیلم، جہلم پراجیکٹس کی لاگت 520 ارب روپے تک بڑھ گئی ہے ۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے سکینڈل میں سینکڑوں ارب روپے خورد برد ہوئے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی نااہلی سے کراچی میں 9 سو کارخانے اور فیصل آباد میں پانچ سو صنعتی یونٹس بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بند ہوچکے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی لاہو رذکر اللہ مجاہد نے عوامی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت توانائی بحران شدت اختیار کر چکا ہے جس کی وجہ سے لوگ نہ صرف پریشان بلکہ سخت گرمی کے سبب پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں ،عملی منصوبہ جات کی کمی اور کرپشن کی وجہ سے ملک روزانہ تین ارب روپے کا خسارہ برداشت کر رہا ہے۔

حکومت بجلی چوری روکنے کی بجائے جھوٹے نعروں اور دعووں پر وقت ضائع کر رہی ہے ۔پاور جنریشن پلانٹس کے تمام منصوبوں میں کرپشن کے سکینڈلز زبان زدِ عام ہیں ۔واپڈا کا عوام کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ رکنے کی بجائے دن بدن بڑھ رہا ہے۔ غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام کو مزید اوربلنگ ، اور یونٹس اور بھاری جرمانوں کے ذریعے پریشان اور لوٹا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی آتی نہیں ہے لیکن بھاری بل وقت پر آ جاتے ہیں ۔واپڈا عملہ کا عوام کے ساتھ غیر مناسب روایہ ناقابل برداشت ہے ۔شہری لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی جیسی نعمت سے محروم ہیں ۔ جماعت اسلامی لوڈشیڈنگ سمیت عوامی مسائل پر شہریوں کی ترجمانی کا پورا حق ادا کریگی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے واپڈا سمیت دیگر اداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ ہم شہر بھر میں احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔