جماعت اسلامی یوتھ کراچی کے ذمہ داران کا اہم اجلاس، کے الیکٹرک کے خلاف دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی

گورنر ہائوس کے سامنے دھرنادینے سے روکا گیاتو نتائج کی ذمہ دارحکومت ہوگی، اسامہ رضی

جمعہ 28 اپریل 2017 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) جماعت اسلامی یوتھ کراچی کا اہم اجلاس یوتھ سیکریٹریٹ ادارہ نورحق میں صدرجماعت اسلامی یوتھ کراچی حافظ بلال رمضان کی زیر صدات ہوا۔اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے کے الیکٹرک کے خلاف گورنررہاؤس کے سامنے دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ دھرنے کو چاروں اطراف سے جماعت اسلامی یوتھ کے نوجوان سیکیورٹی دیں گے۔

جبکہ اجلاس میں نوجوانوں کے لئے کراچی بھر میں بڑے پیمانے پر سرگرمیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی نے جماعت اسلامی یوتھ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہ الیکٹرک کے خلاف دھرنا ہر صورت ہوگا،ہم گورنرہاؤس کے سامنے پرامن دھرنادیں گے،احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، جماعت اسلامی پرامن سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھاجائے۔اگر روکا گیاتو نتائج کی ذمہ دارحکومت ہوگی۔اسامہ رضی کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے عوام کا جینا محال کردیا ہے،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ،اوور بلنگ اور ٹیرف میں من مانا اضافہ کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔کے الیکٹرک کی بدمعاشی ختم کر کے دم لیں گے۔عوام پر اب مزیدظلم نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے۔جماعت اسلامی نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ہم پیسے لیکر مُک مُکا کرنے والے نہیں ہیں۔کے الیکٹرک کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔جبکہ صدر جماعت اسلامی یوتھ کراچی حافظ بلال رمضان نے کہا کہ نوجوان تحریک اسلامی کا ہر اول دستہ ہیں۔دھرنے میں کراچی بھر سے ہزاروں نوجوان شرکت کریں گے۔