وزیر صحت کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے دورے ،ایم ایس لیاقت پور معطل ، انکوائری کا حکم

جمعہ 28 اپریل 2017 22:43

وزیر صحت کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے دورے ،ایم ایس لیاقت پور معطل ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کے ہمراہ جمعہ کے روز جنوبی پنجاب کے 9 تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کا دورہ کیا - خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیاقت پور میں قیمتی مشینری ڈبوں میں بند پڑی ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر ندیم زین کو فوری طو رپر معطل کرتے ہوئے 48 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی- ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیاقت پور میں وینٹی لیٹرز ، ای این ٹی ایگزامینیشن مشین ، آئی سی یو بیڈز اور انکوبیٹرز دو سال سے ڈبوں میں بند تھے جنہیں انسٹال نہیں کیا گیا تھا - مزید براں مریضوں نے ادویات بازار سے لانے کی بھی شکایت کی جس کا وزیر صحت نے نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس کی معطلی کا حکم دیا - علاوہ ازیں خواجہ عمران نذیر نے ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ عباس ، خیرپور ٹامیوالی ، منڈی یزمان ، خانپور ، احمد پور شرقیہ ، منچن آباد ، ہارون آباد اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بہاولنگر کا دورہ کیا -خواجہ عمران نذیر نے بہترین کارکردگی اور صفائی کی تسلی بخش صورتحال پر سیکرٹری صحت علی جان خان کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ عباس کے ایم ایس کو تعریفی لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی -خواجہ عمران نذیر نیہیڈ کوارٹر ہسپتال خیر پور ٹامیوالی میں مریضوں سے ادویات بازار سے منگوانے اور صفائی کی خراب صورتحال پر ایم ایس کو وارننگ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی - صوبائی وزیر نے ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانپور میں صفائی کی بہتر صورتحال اور دیگر تسلی بخش انتظامات پر شاباش دی -تاہم پیڈیاٹرکس وارڈ میں دو انکوبیٹرز نصب نہ کرنے پر وارننگ دی اور دونوں انکوبیٹرز فوری طو رپر نصب کرنے کی ہدایت کی - اسی طرح صوبائی وزیر کے منچن آباد ہسپتال کے دورہ کے موقعہ پر مریضوں کی جانب سے ادویات بازار سے خریدکر لانے کی شکایت پر ایم ایس ڈاکٹر ریاض احمد کو مریضوں کے پیسے واپس کرنے اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی - خواجہ عمران نذیر نے اپنے دورہ کے دوران ہسپتالوں کی انتظامیہ کو صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اورمریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی -