ملک بھر میں نادرا کی جانب سے مزید میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

جمعہ 28 اپریل 2017 22:29

ملک بھر میں نادرا کی جانب سے مزید میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے،وفاقی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں نادرا کی جانب سے مزید میگا سینٹرز قائم کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ باآسانی قومی شناختی کارڈ کا اجرا کیا جا سکے،جن افراد کے قواعد مکمل نہیں ہوں گے ، نادرا کسی صورت میں ان کے شناختی کارڈ جاری نہیں کرے گا، اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔

قومی شناختی کارڈ پاکستان کی شناخت کی علامت ہے اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے نظام کو مزید مربوط بنایا جائے گا اور نادرا کے سسٹم کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کیا جائے گا،وہ جمعہ کو نارتھ ناظم آباد میں نادرا میگا سینٹر کے افتتاح کے موقع پر مختصر گفتگو کررہے تھے، وزیر داخلہ کو نادرا حکام نے بتایا کہ اس میگا سینٹر میں 28کاؤنٹر بنائے گئے ہیں ، جس میں شناختی کارڈ جمع کرنے کے لیے دو ، تقسیم کرنے کے لیے تین ، معلومات کے لیے چار اور خصوصی افراد اور بزرگوں کے لیے تین کاؤنٹر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس میگا سینٹر میں بیک وقت دو ہزار افراد کے شناختی کارڈ کو پروسیس کرنے کی سہولت موجود ہے اور یہ سینٹر 24 گھنٹے کام کرے گا، وفاقی وزیر داخلہ نے سینٹر کی تعمیر پر نادرا حکام کی تعریف کی اور کہا کہ نادرا میگا سینٹر کراچی کے علاوہ ملک کے تمام اضلاع میں قائم کیے جائیں گے، تاکہ باآسانی شہریوں کو قانون کے مطابق شناختی کارڈ کا اجرا کیا جا سکے، قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ دو روزہ دورے پر جمعہ کو کراچی پہنچے، اس موقع پر آئی جی سندھ اور رینجرز کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا،وزیر داخلہ اپنے دورے میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے علاوہ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں امن و امان کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت میں بھی کریں گے۔