ایم کیو ایم ماضی کا قصہ بن گئی ،جلد دوسری سیاسی جماعتوں کے بڑے نام پیپلزپارٹی میں شامل ہونے جارہے ہیں، وقار مہدی، سینیٹر سعید غنی

ملک کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلے کے بعد وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے ،فی الفور عہدے سے مستعفی ہوجائیں،اگر لوگوں کو پتہ چل گیا جے آئی ٹی میں نواز شریف مشکل میں ہیں تو سب ان کا ساتھ چھوڑ جائینگے، پیپلز سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماؤں وقار مہدی اور سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ماضی کا قصہ بن گئی ہے،جلد دوسری سیاسی جماعتوں کے بڑے نام پیپلزپارٹی میں شامل ہونے جارہے ہیں ۔ملک کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے ہیں ۔ان کو چاہیے وہ فی الفور اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ۔

اگر لوگوں کو پتہ چل گیا کہ جے آئی ٹی میں نواز شریف مشکل میں ہیں تو سب ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گے ۔نشتر پارک میں صوفی کانفرنس کے انعقاد کی وجہ سے یکم مئی کو جلسہ کی بجائے یوم مزدور یکجہتی ریلی نکالی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو پیپلزسیکرٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راشد ربانی،نجمی عالم،فرید انصاری،اقبال ساند،بلوچ خان گبول اور دیگر بھی موجود تھے ۔

وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک بھر میں نواز مخالف تحریک شروع کردی ہے ۔نشترپارک میں صوفی کانفرنس کے انعقاد کی وجہ سے پیپلزپارٹی نے اب یوم مئی پر جلسہ کی بجائے تاریخی یوم مزدور ریلی نکانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ریلی ٹاور سے شروع ہو کر مزار قائد اعظم پر اختتام پذیر ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ یکم مئی کی ریلی تاریخی ثابت ہوگی اور نواز شریف کے استعفیٰ تک ان کے خلاف تحریک جاری رہے گی ۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مزدوروں کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی اور ان کے لیے قانون سازی کی ہے۔ یکم مئی کے ریلی تاریخی اور بے مثال ریلی ثابت ہوگی۔نشتر پارک میں جلد جلسہ کریں گے اور عمران خان کو بتا ہیں گے کہ جلسہ کیا ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم یہ ثابت کریں گے کہ کراچی میں ایم کیو ایم ماضی کا حصہ بن گئی ہے ۔جلد ہی ایم کیو ایم اور دوسری سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں شریف خاندان کی جانب سے پاناما کیس سے پیچھے ہٹنے کیلئے 10ارب روپے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن وہ اس شخص کا نام نہیں بتارہے ہیں جس نے ان کو یہ پیش کش کی تھی ۔عمران خان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قوم کو اس شخص کے نام سے آگاہ کریں بصورت دیگر ایسا محسوس ہوگا کہ وہ نام نہ بتاکر کسی کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد وزیراعظم میاں نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے ہیں ۔ان کو چاہیے کہ وہ فی الفور اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ۔انہوںنے کہا کہ جلد ہی (ن)لیگ کا شیرازہ بکھرنے والا ہے ۔اگر لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں نواز شریف مشکلات کا شکار ہیں تو سب ہی ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گے ۔