تعلیمی اداروں میںہونیوالی تحقیق قابل عمل بنانے کیلئے تعلیمی اداروں اورمارکیٹ کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے،گورنر پنجاب

جمعہ 28 اپریل 2017 22:17

تعلیمی اداروں میںہونیوالی تحقیق قابل عمل بنانے کیلئے تعلیمی اداروں ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دُنیا میں اُن قوموں نے ترقی کی ہے جنہوں نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ساتھ تحقیق کو بھی پروان چڑھایا ہے ۔ تعلیمی اداروں میں کی جانے والی تحقیق کو قابل عمل بنانے کے لئے تعلیمی اداروں اورمارکیٹ کے درمیان باہمی تعاون اور رابطے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام نیشنل ریسرچ پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب بھر سے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تحقیقی سرگرمیوں کو ملک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایسی ریسرچ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جس سے معاشرے بالخصوص عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائنس کے جدید شعبوں کے ساتھ ساتھ سوشل سائنسز میں بھی تحقیقی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ گورنرنے کہا کہ بلاشبہ ہماری یونیورسٹیوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے خصوصاً گورنمنٹ یونیورسٹی فیصل آباد کا تحقیقی سرگرمیوں میں سب سے آگے ہونا یقینا خوش آئند بات ہے تاہم ابھی اس شعبے میں مزید محنت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس مقصد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایگریکلچر ، ہیلتھ اور دیگر سوشل سیکٹرز میں مسلسل بہتری آرہی ہے جس کا کریڈٹ بلاشبہ ان شعبوں میں ہونے والی تحقیق کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آنے والے کل کو روشن اور باوقار بنانا ہے تو ہمیں اپنا آج صرف اور صرف تعلیم اور تحقیق کے لئے صرف کرنا ہوگا۔

انہوں نے سکالرز اور ریسرچرز پر زور دیا کہ وہ اور آگے بڑھیں ، اگر ہم دُنیا کے ساتھ نہیں چلیں گے تو بہت پیچھے رہ جائیں گے۔گورنر نے کہا کہ اس جدید دًور میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے کے لئے ہمیں دُنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا۔ تقریب سے چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے تحقیق کے شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :