Live Updates

عمران خان تین روز میں 10ارب کی پیشکش لے کر آنے والے شخص کا نام بتائیں بصورت دیگر انہیں لیگل نوٹس بھجوائیں گے، ترجمان پنجاب حکومت

جمعہ 28 اپریل 2017 22:17

عمران خان تین روز میں 10ارب کی پیشکش لے کر آنے والے شخص کا نام بتائیں ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے سپریم کورٹ سے عمران خان کے الزام پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان تین روز میں 10ارب کی پیشکش لے کر آنے والے شخص کا نام بتائیں بصورت دیگر انہیں لیگل نوٹس بھجوائیں گے اور ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا ،اگرپی ٹی آئی کے سربراہ کو یہ پیشکش کی گئی تو انہوںنے پانامہ کیس کی سماعت کے دوران بنچ کے سامنے یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھایا ،لاڑکانہ سے لے کر بنی گالا تک اگر آئین کے آرٹیکل 62، 63 کا اطلاق ہونے لگا تو کوئی اختلافی نوٹ نہیں آئے گا،چین پاکستان اقتصادی راہداری ریاست کا منصوبہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ( ڈی جی پی آر) میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے عمران خان کی جانب سے شہبازشریف پر لگائے گئے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لیگل ٹیم عمران خان کو نوٹس بھجوانے کا جائزہ لے رہی ہے اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے ذاتی حیثیت میں نوٹس بھجوایا جائے گا ۔

یہ اعلان سیاسی سٹنٹ نہیں بلکہ اس پر عمل کر کے دکھائیں گے اورہم انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لا کر ان کا جھوٹ بے نقاب کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ آصف علی زرداری جلسوں میں وفاق کے خلاف صوبائی تعصب اور بے بنیاد پراپیگنڈا کر کے صرف اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔چار دہائیوں سے وفاق کی جماعت ہونے کی دعویدار پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری خیبرپختونخوا ہ میں کھڑے ہو کر یہ کہیں کہ سی پیک میں خیبر پختوانخواہ کا حصہ شہباز شریف پنجاب لے گئے ہیں تو وہ حقائق سے واقف نہیں۔

شاید آصف زرداری یہ نہیں جانتے کہ سی پیک کے دو شعبوں میں سب سے زیادہ حصہ سندھ کے پاس ہے، توانائی کا منصوبہ چاہے پنجاب میں لگے، سندھ میں یا خیبر پختوانخواہ میں اس نے پیداوار نیشنل گرڈ کو ہی پہنچانی ہے۔پاک چین راہداری ریاست پاکستان کا منصوبہ ہے جس سے پورے ملک کو یکساں فوائد حاصل ہونے ہیں۔آصف زرداری صرف سیاسی مطابقت پیدا کرنے کے لیے بے بنیاد الزمات سے پاکستانی کی سالمیت کو چیلنج نہ کریں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کا احتجاج کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت نے بھارتی صنعتکار سجن جندال کی وزیر اعظم سے ملاقات بارے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ باضابطہ سرکاری ملاقات نہیں تھی بلکہ ذاتی نوعیت کی ملاقات تھی ۔ انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کا وفاقی دارالحکومت میں جلسہ پانامہ کیس کے حوالے سے عدلیہ کو دبائو میں لانے کی کوشش ہے ۔ عمران خان کاسپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم نہ کرنا توہین عدالت کے مترادف ہیں ۔ عمران خان عدلیہ اور اس کے فیصلوں کا احترام کرنا سیکھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :