بھارتی صنعتکار سجن جندل کی وزیر اعظم سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی، رانا ثنا ء اللہ خان

جمعہ 28 اپریل 2017 22:17

بھارتی صنعتکار سجن جندل کی وزیر اعظم سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی، رانا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ خان نے کہا ہے کہ بھارت کے صنعتکار سجن جندل کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی اور اس میں کسی قسم کی بیک یا فرنٹ ڈور ڈپلومیسی نہیں ہوئی ،اگر پاکستان یا بھارت کا کوئی شہری دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کرتا ہے تو یہ مثبت پیشرفت ہو گی تاہم بھارتی صنعتکار کی وزیر اعظم سے ملاقات کے حوالے سے جو وضاحت کی گئی ہے وہی اصل بات ہے ،اب پوری قوم کو چاہیے کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والے تین افراد کے سامنے اٹھ کھڑے ہوں اور ا ن کے سامنے اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہیے ، میرے حساب سے تو عمران خان کو 10روپے نہیں دئیے جا سکتے ۔

جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ جب تک ریاستی ادارے آئینی اور قانونی ماحول میں کام نہیں کریں گے اس وقت تک جمہوریت اور رواداری آگے نہیں بڑھے گی ۔

(جاری ہے)

تین کے ٹولے کا گزشتہ ساڑھے تین سالوں سے یہی مقصد ہے کہ کبھی کنٹینر ، کبھی شہروں کو بند او رلاک ڈائون کر کے اورکبھی جلسے کر کے یہ لوگ پوری قوم اور اداروں کو دبائو میں لانا چاہتے ہیں ۔

راولپنڈی کا شیطان کہہ چکا ہے کہ انہیں اپنی سیاست کی کامیابی کیلئے لاشیں چاہئیں اور یہی ان کا سیاسی فلسفہ ہے ۔ یہ لوگ ایسے حربوں سے پوری قوم اور اداروں کو دبائو میں لا کر اور خطرے میں ڈال کر خود عزت حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔۔۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ جتنی متحرک ہو گی اس کا اتنا ہی فائدہ ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی تقرری کے حوالے سے فیصلے پر مبارکباد کے مستحق ہیں جس سے تعلیم کے نظام میں بہتری آئے گی ۔

انہوں نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے بعض مقامات پر حکم امتناعی کے حوالے سے کہا کہ اس کا حل سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس ہے ۔ لاہور ایک انٹر نیشنل سٹی ہے اور اورنج لائن اس کی ضرورت ہے بلکہ اس سے آگے بڑھ کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :