قومی وطن پارٹی عوام کے آئینی حقوق کیلئے جمہوری وپر امن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے،تمام پرتشددواقعات کے باوجودہم نے جمہوری راستہ اختیار کیا،ہم امن وجمہوریت سے ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں،پانامہ مسئلے سے بہت وقت ضائع ہوا جس کیوجہ سے پختونوں کی مشکلات اضافہ ہوا، شہید عالمزیب عمرزئی پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں

چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد شیرپائو کا سابق ممبر اسمبلی عالم زیب عمرزئی کی برسی پرعوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 22:10

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی جمہوری اورپر امن طریقے سے لوگوں کے آئینی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد پر یقین رکھتی ہے،تمام پرتشددواقعات کے باوجودہم نے پر امن اور جمہوری راستہ اختیار کیا ،،امن وجمہوریت سے ہی ہم ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں، شہید عالمزیب عمرزئی پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں۔

وہ جمعہ کو عمرزئی ضلع چارسدہ میں سابق ممبر اسمبلی اور قومی وطن پارٹی کے رہنماء عالم زیب عمرزئی شہید کی برسی کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔آفتاب شیرپائونے کہا کہ قومی وطن پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے ملک کیلئے جان کے نذرانے پیش کئے لیکن ملک دشمن قوتوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا،شہید عالمزیب عمرزئی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںوہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے جنھوں نے جان فشانی ، انتھک محنت اور بے لوث خدمت کے ذریعے سیاسی میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا،پانامہ مسئلے کی وجہ سے بہت وقت ضائع ہوا اور اہم قومی مسائل پس پشت چلے گئے جس کی وجہ سے پختونوں کی مشکلات اور مسائل میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری ادارے مزید مضبوط و مستحکم ہوں کیونکہ اس کے تسلسل سے ہی عوامی خوشحالی اور بہتر معیار زندگی سمیت ملک تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاق کے استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ملک کے تمام اکائیوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور اگر وفاقی حکومت نے ملکی وسائل کو صرف ایک صوبہ تک محدود رکھا اور پختونوں کی قربانیوں کو نظرانداز کیا گیا تو اس سے وفاق پر منفی اثرات پڑیں گے۔

آفتاب شیرپا? نے خیبرپختونخوا میں جاری بجلی کے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کئے گئے تمام تر وعدے بے نقاب ہو چکے ہیں اور یہ محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن اسے نہ صرف اپنے حق سے محروم رکھا جارہا ہے بلکہ خیبر پختونخوا کے وسائل بھی چھینے جا رہے ہیں جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو سی پیک میں شامل بجلی نظام کے اپ گریڈیشن کے ثمرات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کے نظام کا ترسیل اور تقسیم انتہائی ناکارہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے بے تحاشہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات دونوں ممالک اور خطے کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے جس سے امن کو فروغ ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی بدگمانیوں اور غلط فہمیاں کو دور کرنے اور دونوں برادر ممالک کو قریب لانے کیلئے پاکستانی وفد افغانستان کا دورہ کر رہا ہے جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے اہم امور پر غور و حوض کیا جا ئیگا۔انھوں نے دونوں ممالک کے مابین باقاعدہ رابطوں کی اشد ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن کے قیام اور دونوں ممالک میںتجارتی،ثقافتی اور سماجی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مرحلہ وار بات چیت اور مزاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور ان کے حقوق و تحفظ اور مفادات کو یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اقتدار نہیں بلکہ خطے کے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ خطہ پر امن لانے کیلئے شہید حیات محمد خان شیرپا? اور عالمزیب عمرزئی شہید کی طرح ہم مزید قربانیاں دینے کیلئے تیار ہیں۔اجتماع سے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔