نائن الیون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سیاحتی شعبہ متاثر ہوا ،ْحافظ حفیظ الرحمن

گلگت بلتستان بھی حکومتی پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کی وجہ سے ایشیاء کا پر امن خطہ قرار پایا ہے ،ْوزیر اعلیٰ

جمعہ 28 اپریل 2017 22:07

نائن الیون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سیاحتی ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ نائن الیون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سیاحتی شعبہ متاثر ہوا تاہم وفاقی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں مثالی امن قائم ہوا ہے گلگت بلتستان بھی حکومتی پالیسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کی وجہ سے ایشیاء کا پر امن خطہ قرار پایا ہے جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں بین الاقوامی سیاحت کے شعبے کو فروغ مل رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سوئیڈن کے پاکستان میں متعین سفیر انگریڈ جانسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جس میں سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ٹورینٹو فلم فیسٹول میںپہلی مرتبہ گلگت بلتستان کی ڈاکومنٹری فلم دیکھائی جائے گی جوکہ صوبے کیلئے اعزاز ہے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت انفراسٹریکچر سمیت دیگر شعبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کریگی، سیاحت کے شعبے کی بحالی کیلئے حکومت نے خصوصی مراعات دئیے ہیں جس کے تحت سیاحوں اور ہوٹل مالکان سے کسی قسم کا اضافی ٹیکس وصول نہیں کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں سیزنل سیاحت کی بجائے ونٹر ٹوررازم کے فروغ کیلئے بھی حکومت اقدامات کررہی ہے پاور سیکٹر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے توانائی کے متبادل ذرائع بھی متعارف کرائے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بہتر نقل و حمل کی سہولیات کی فراہمی کیلئے جدید ٹرانسپورٹ کمپنی والوو کے ساتھ اربن ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کیلئے کام کیا جارہا ہے جس سے خواتین، طالبعلموں، بزرگ افراد، خصوصی افراد اور سیاحوں کو بہتر آمدو رفت کے سہولیات میسر آئینگے۔ گلگت بلتستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈونرز کانفرنس کرایا جائیگا جس کی حکمت عملی بنائی جارہی ہے۔

گلگت بلتستان آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ملاقات میں سوئیڈن سفیر نے حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے سرمایہ کاروں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے ہوٹل انڈسٹری کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریگی5سالوں کیلئے ہوٹلوں کے جی ایس ٹی میں نرمی کی گئی ہے۔ بلتستان، استور، غذرسمیت دیگر علاقوں میں سیاحوں کے انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے زمین لیز پر دی جائیگی ،ْ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انسوسٹمنٹ قائم کیا گیا ہے۔

جس کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولیات اور سرمایہ کو تحفظ فراہم کیا جائیگا۔چائینز سیاحوں کی بڑی تعداد زیرو پوائنٹ سے واپس جاتے ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ویزا ان ارایول کی تجویززیر غور ہے۔گلگت سکردو روڈ اور نلترروڈ جیسے بڑے انفرا سٹرکچر جیسے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے ۔ سیاحوں کو بہتر فضائی سفر کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔

پی آئی اے نے یقین دلایا ہے کہ یکم مئی سے گلگت کے لئے روزانہ کے بنیاد پر2 پروازیں چلائی جائینگی ۔ رائیکوٹ تا تھاکوٹ شاہراہ قراقرم پر کام ہورہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں3Gاور4G سروس آخری مراحل میں ہے۔ صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے کسی قسم کا کوئی کمیشن اور کک بیک وصول نہیں کیا جائیگا بلکہ حکومت ہر قسم کا تعاون اور سہولیات فراہم کریگی۔