وزیراعظم کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے ، وہ اسے روکنے میں ناکام ہیں،ن کی وجہ سے پورا سیاسی نظام بدنام ہورہا ہے، وزیراعظم کب تک کرپشن کی حمایت کرتے رہیں گے، ملک میں لوٹ کھسوٹ بغیر روک ٹوک جاری رہے گی، پاناما کیس میں وزیراعظم صادق اور امین نظر نہیں آرہے ، ایسی صورتحال میں ان کا اقتدار سے چمٹے رہنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کے استعفیٰ اور بیان پر رد عمل کا اظہار

جمعہ 28 اپریل 2017 21:58

وزیراعظم کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے ، وہ اسے روکنے میں ناکام ہیں،ن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اپریل2017ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کے استعفیٰ اور بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے اور وہ اس کو روکنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے پورا سیاسی نظام بدنام ہورہا ہے جو کہ خطرناک بات ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کب تک کرپشن کی حمایت کرتے رہیں گیاور اس ملک میں لوٹ کھسوٹ بغیر کسی روک ٹوک کے جاری رہے گی، پاناما کیس میں وزیراعظم صادق اور امین نظر نہیں آرہے اور ایسی صورت حال میں ان کا اقتدار سے چمٹے رہنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جس طرح ڈان لیکس کے معاملے کو نمٹایا جارہا ہے اس پر بھی کئی سوالیہ نشان اور شکوک پیدا ہو رہے ہیں کہ کہیں مودی اور جندال سے دوستی اور بھارت کی طرف جھکاو کا معاملہ سچ پر مبنی تو نہیں۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری مسلمانوں کی مظلومیت کو نظر انداز کرکے اپنے کاروباری بھارتی دوست اور اسٹیل ٹائیکون سجن جندال سے چھپ چھپ کر ملاقاتیں کر رہے ہیں اور چھپ کر ملاقاتیں کتنا یہ وزیراعظم کا پرانا وطیرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو چاہئے تھا کہ وہ اس ملاقات سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیتے مگر وہ دولت کے نشے میں قومی مفادات کے برعکس ذاتی مفادات اور تعلقات کو ترجیح دے رہے ہیں اور اپنا کاروبار چمکانے کی فکر میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ اس بات کا جواب دے کہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کے خفیہ مہمان کو ویزہ صرف لاہور اور اسلام آباد کیلئے جاری کیا گیا تھا لیکن وہ ویزہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کس طرح مری جا پہنچی انہوں نے کہا کہ اب وزیر اعظم نواز شریف کے محب وطن ہونے پر شکوک و شہبات پیدا ہوگئے ہیں اور اب ان کیلئے اپنے اپ کو محب وطن ثابت کرنا مشکل ہوگیا ہے۔(آچ)