گندم خریداری مہم کی ذاتی نگرانی کررہا ہوں،کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دونگا، چھوٹے کاشتکار کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہمارا مشن ہے، وزیراعلیٰ کی وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن سے گفتگو

جمعہ 28 اپریل 2017 21:30

گندم خریداری مہم کی ذاتی نگرانی کررہا ہوں،کسی کو کاشتکاروں کا استحصال ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے زراعت کے فروغ اورچھوٹے کاشتکار وں کی ترقی کے لئے تاریخ ساز کسان پیکیج دیا ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی بارچھوٹے کاشتکاروں کو 100 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں، اسی طرح 100ارب روپے کے تاریخی کسان پیکیج کے زرعی شعبے کی ترقی پرمثبت ثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

زرعی لوازمات اورکھادوں پر سبسڈی سے چھوٹا کاشتکار مستفید ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالی کے بے پایاں فضل وکرم او رکاشتکاروں کی محنت کے باعث گندم کی شاندار فصل ہوئی ہے -حکومتی اقدامات اور زرعی مداخل پر سبسڈیز کی فراہمی کے باعث گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہواہی- پنجاب حکومت نے رواں سال 40 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے اور گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گندم خریداری مہم زور و شور سے جاری ہے اورکاشتکاروں کو گندم خریداری مراکز پر بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ شفاف اور جدید میکانزم کے تحت کاشتکاروں میں باردانہ تقسیم کیا جا رہا ہے۔میں گندم خریداری مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کررہا ہوں اورکسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی میںپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ پہلے بھی کیاہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ چھوٹے کاشتکار کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہمارا مشن ہے اور اسی مقصد کیلئے اربوں روپے کے پیکیج کے تحت کسانوں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :